حکومت نے پی ٹی آئی کا لانگ مارچ ناکام بنانے کیلئے 330 ملین روپے خرچ کردیئے

چیف کمشنر اسلام آباد کے مطابق اسلام آباد میں امن و امان بحال رکھنے اور سیکیورٹی مقاصد کیلئے330 ملین سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے ، رپورٹ میں بتایا گیا کہ  گاڑیوں اور کنٹینرز کے کرائے کی مدد 210 ملین روپے ادا کیے گئے جبکہ آنسو گیس شیل اور دیگر اشیائے کی خریداری میں بھی کئی ملین روپے لگائے جاچکے ہیں

وفاقی حکومت نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے متوقع لانگ مارچ کو روکنے کے لیے 330 ملین روپے خرچ کردیئے ہیں۔ کنٹینرز اور گاڑیوں کے کرائے کی مد میں 210 ملین روپے کی ادائیگی کی گئیں ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے لانگ مارچ کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت نے  اسلام آباد میں  امن و امان بحال رکھنے اور سیکیورٹی مقاصد کیلئے 330 ملین سے زائد رقم خرچ کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی لانگ مارچ کو مقدس جہاد قرار دیکر عوام سے شرکت کی اپیل

چیف کمشنر اسلام آباد کے مطابق  انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد  کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گاڑیوں اور کنٹینرز کے کرائے کی مد میں اب تک 210 ملین روپے سے زائد کی ادائیگی کی جاچکی ہے ۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ آنسو گیس کے شیل اور دیگراشیاء کی خریداری پر30 ملین روپے کے اخراجات ہوئے۔ شہر میں تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کیلئےاشیائے خور و نوش پر 47.8 ملین روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے 40 ملین روپے متفرق اخراجات  ہوئے جبکہ اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے پر کل اخراجات 330 ملین روپے سے زائد ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزارت خزانہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے شرکاء سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے 410 ملین روپے سے زائد کے ابتدائی بجٹ کی منظوری دے دی۔

واضح رہے کہ سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے رواں ماہ اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ  کا اعلان کیا ہے ۔ پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال  لانگ مارچ کی واضح تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔

عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا تھا کہ متحرک رہیں رواں ماہ اکتوبر میں ہی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کیا جائے گا ۔

متعلقہ تحاریر