ارشد شریف قتل کیس: ابھی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی ضرورت نہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ

جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ ہمیں حکومت پر اعتماد ہونا چاہیے، جو نمائندہ تنظیمیں ہیں وہ حکومت سے معاملے کو اٹھائیں گی۔ ارشد شریف کے قتل کا واقعہ دو ملکوں کا معاملہ ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے صحافی ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست پر کہا ہے کہ اس مرحلے پر کمیشن بنانا قبل ازوقت ہوگا۔ یہ دو ملکوں کا معاملہ ہے۔حکومتی وکیل کا کہنا تھاکہ کینیا حکومت کی رپورٹ آنے دیں، کوئی اعتراض ہوا تو پھر اسے سن لیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے کینیا میں قتل کی تحقیقات کے لئے کمیشن کی تشکیل سے متعلق درخواست پر سماعت کی ،جو شہری بیرسٹر شعیب رزاق کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

صدر ، وزیراعظم ، وزیر خارجہ ، عمران خان ، تمام صحافتی تنظیموں اور دیگر رہنماؤں کی ارشد شریف کے قتل کی مذمت

یونیسیف نے سیلاب متاثرہ بچوں میں عذائیت کی شدید کمی سے خبردار کردیا

وزارت داخلہ اور خارجہ کی جانب سے ارشد شریف کے قتل سے متعلق رپورٹ آج ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے پاس جمع کرا دی گئی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا ارشد شریف کی فیملی کے پاس کوئی گیا ہے؟ انہیں کوئی معاونت چاہئے؟

بیرسٹر شعیب رزاق نے بتایا کہ ارشد شریف کی میت بھی آج شام تک اسلام آباد پہنچادی جائےگی۔ انہوں نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیاجائے تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ بہت افسوسناک واقعہ ہے، کینیا کی حکومت کی جانب سے تحقیقاتی رپورٹ آجائے اور اگر انہیں اس پر کوئی اعتراض ہوا تو پھر اس کیس کو مزید سن لیا جائے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ابھی رپورٹ نہیں آئی، اس مرحلے پر کمیشن بنانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا ، انکوائری کے معاملے پر صحافتی تنظیموں کو آن بورڈ رکھا جائے۔

جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ ہمیں حکومت پر اعتماد ہونا چاہیے، جو نمائندہ تنظیمیں ہیں وہ حکومت سے معاملے کو اٹھائیں گی۔ ارشد شریف کے قتل کا واقعہ دو ملکوں کا معاملہ ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ افسوسناک ہےکہ یہاں صحافی اٹھائے بھی گئے انکے ساتھ بہت کچھ ہوا، صحافیوں سے متعلق کیسز اس عدالت میں زیر سماعت رہے، یہ بہت بڑا مسئلہ ہے حکومت کو چاہیے کہ ان معاملات کا جائزہ لے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں ارشد شریف سے متعلق کیس کے سوا باقی تمام کیسز ملتوی کردیے گئے تھے۔

متعلقہ تحاریر