ارشد شریف قتل کیس: وفاقی حکومت نے 3 رکنی کمیشن تشکیل دے دیا

وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دیا گیا کمیشن اپنے رپورٹ 30 دن میں حکومت کے سامنے پیش کرے گا۔

وفاقی حکومت نے کینیا میں معروف صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیشن تشکیل دے دیا ہے۔

کمیشن پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت تشکیل دیا گیا ہے ۔ کمیشن کی سربراہی جسٹس (ر) عبدالشکور پراچہ کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے

کینیا میں ارشد شریف قتل کیس کے 2 اہم گواہان کے بیانات ریکارڈ

توشہ خانہ نااہلی کیس: اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی نااہلی فوری معطل نہیں کی

کمیشن کے دیگر ارکان میں ایڈیشنل آئی جی اسلام آباد عثمان انور اور ڈپٹی ڈائریکٹر آئی بی عمر شاہد حامد شامل ہیں۔

وفاقی وزارت داخلہ نے 3 رکنی کمیشن بنانے کی سمری کابینہ کو بھجوائی تھی جس منظور کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 25 اکتوبر کو کینیا میں معروف صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا اعلان کیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اعلان کیا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی سربراہی ہائی کورٹ کے جج کریں گے جو ارشد شریف کے قتل سے متعلق حقائق جاننے کے لیے میڈیا اور سول سوسائٹی کے ممبران کو شامل کر سکیں گے۔

یاد رہے کہ جسٹس (ر) پراچہ لاہور ہائی کورٹ کے اس وقت جج تھے جب 2009 میں انہیں 3 نومبر کو پی سی او کے تحت حلف اٹھانے اور مبینہ کرپشن کے الزام میں استعفیٰ دینا پڑا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے 2018-19 کے دوران وفاقی سیکرٹری برائے قانون و انصاف کے طور پر خدمات انجام دیں۔

متعلقہ تحاریر