وفاقی وزیر داخلہ نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس کو پی ٹی آئی کا ڈرامہ قرار دے دیا
رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے فیصل واوڈا نے عمران خان کے کہنے پر پریس کانفرنس کی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا ذہن پاگل پن اور گمراہی کا شکار ہے اور اس کے لانگ مارچ میں مخصوص طبقہ شامل ہے، فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس عمران خان کے کہنے پر کی گئی تھی اور یہ پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی ہے، اگر لانگ مارچ اسلام آباد پر حملہ آور ہونے آئے گا تو ہر طرح سے نمٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایک وقت میں کئی پینترے بدلتے ہیں جسے وہ یوٹرن کہتے ہیں، عمران خان کا مریدکے میں مارچ کا آغاز بہت مایوس کن تھا، اس وقت اسد عمرچیخ رہے تھے اور کہا جا رہا تھا لوگوں کا جم غفیر کہاں ہے؟ عمران نیازی کا کہنا ہے لانگ مارچ میں عوام کا سمندر ان کے ساتھ چل رہا ہے، عمران نیازی کے لانگ مارچ میں 5 ہزار سے 7 ہزار افراد شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ارشد شریف قتل کیس میں فیصل واوڈا کا ایک اور یو ٹرن
ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: ممبر الیکشن کمیشن اور عمران خان کے وکیل کے درمیان دلچسپ مکالمہ
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے لانگ مارچ میں مقامی لوگ شامل نہیں بلکہ کوئی پشاور، کوئی آزاد کشمیر تو کوئی بہاولپور سے آیا ہے، عمران نیازی کے خونی لانگ مارچ کو عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، عمران نیازی کا لانگ مارچ گوجرانوالہ پہنچنے تک 5 سے 7 ہزار تک تھا، عمران نیازی کو 5 سے 7 ہزار افراد کو انسانوں کا سمندر کہنا باعث شرم ہے، عمران نیازی ایک جانب کہتے ہیں میں نے چوکیدار کی تنخواہ بند کر دینی ہے اور دوسری جانب اسی چوکیدار کے پاؤں پڑتے نظر آتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا عمران خان بیساکھیوں کے بل بوتے پر الیکشن جیتتے رہے ہیں، عمران خان کو عام انتخابات میں لگ پتہ جائے گا، عمران خان کو عام انتخابات میں اپنی حیثیت کا علم ہو جائے گا، عمران خان دکھی انسانیت کیلئے دیئے گئے پیسوں پر الیکشن لڑ رہا ہے، عمران خان لانگ مارچ نہیں فتنہ مارچ کر رہا ہے، عمران نیازی کا فتنہ مارچ ہر گزرتے دن کے ساتھ سکڑتا جا رہا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عوام نے عمران خان کے بیانیے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور اب وہ اپنی ذات ، مقصد ، گھٹیا سیاست کیلئے خوار ہو رہے ہیں، لانگ مارچ شیڈول سے لگتا ہے یہ 7، 6 تاریخ تک گوجرانوالہ میں ہی ہے، عمران خان کے لانگ مارچ میں کسی بھی جگہ لوگوں کی تعداد زیادہ نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے احساس پروگرام کے فنڈز کو الیکشن میں استعمال کیا، احساس پروگرام کی جب انکوائری ہو گی یہ سب پکڑے جائیں گے، آپ نے 10، 10 فیملیز کو الیکشن کے دوران پیسے بھجوائے، عمران خان کو اپنے گزشتہ رویئے اور بدتہذیبی کی معافی مانگنی چاہئے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا فیصل واوڈا نے عمران خان کے کہنے پر پریس کانفرنس کی تھی، فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس حکومت کو خوفزدہ کرنے کیلئے تھی ، فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پی ٹی آئی کی پارٹی پالیسی ہے، فیصل واوڈا کو بغیر کسی نوٹس کے پارٹی سے نکالا گیا اور میں دعوے سے کہتا ہوں یہ بھی ان کا ایک ڈرامہ تھا۔