توشہ خانہ کی گھڑی کا معاملہ: عمران خان کا جیو ، شاہزیب اور فراڈیے کے خلاف پاکستانی اور بین الاقوامی عدالتوں میں جانے کا اعلان

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے جیو ، شاہزیب خانزادہ اور فراڈیے شخص کی جانب سے میری شخصیت پر بہتان تراشی کرنے پر پاکستان ، یو اے ای اور یوکے میں قانونی کارروائی کروں گا۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی جیو ، جنگ اور عمر فاروق ظہور کے خلاف مقدمات درج کرانے کا اعلان کردیا ہے۔

اس بات کا انکشاف انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کیا۔

اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پیغام جاری کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے لکھا ہے کہ "بس بہت ہو گیا. کل جیو اور خانزادہ نے ہینڈلرز کے تعاون سے ایک مشہور فراڈیے اور بین الاقوامی طور پر مطلوب مجرم کی طرف سے تیار کی گئی بے بنیاد کہانی کے ذریعے مجھ پر بہتان لگایا۔”

یہ بھی پڑھیے

توہین عدالت کیس: عمران خان نے 25 مئی کو ریڈ زون میں داخلے کی وضاحت کردی

پی ٹی آئی نے عمر ظہور کے خلاف دبئی میں قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا

سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید لکھا ہے کہ "میں نے اپنے وکلاء سے بات کی ہے اور میں جیو، خانزادہ اور جعلساز کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ یوکے اور یو اے ای میں بھی مقدمہ چلانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔”

گزشتہ رات جیو نیوز کے پروگرام ‘آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ’ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی نژاد دبئی کے معروف بزنس میں عمر فاروق ظہور نے الزام لگایا تھا کہ انہوں نے سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح گوگی سے 20 لاکھ ڈالر میں گھڑیوں کا سیٹ خریدا تھا ، اور فرح گوگی کو کیس میں پےمنٹ کی گئی تھی۔

بزنس مین عمر فاروق نے قلم ، کف لنکس اور انگوٹھی خریدنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔

عمر فاروق ظہور کے جیو نیوز کو دیئے گئے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑی سمیت تمام اشیاء قانون کے مطابق خریدیں۔ ٹیکس ریٹرنز اور الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں سب ڈکلیئرڈ ہے۔ دبئی میں پاکستانی بزنس مین عمر فاروق کو نہ ہی کچھ بیچا گیا اور نہ ہی انکا عمران خان سے کوئی تعلق ہے۔

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے اپنی پریس کانفرنس میں عمر فاروق ظہور کے خلاف دبئی میں اور جنگ کے خلاف لندن میں قانونی کارروائی کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

متعلقہ تحاریر