مفتی اعظم پاکستان و سربراہ دارالعلوم کراچی مفتی رفیع عثمانی انتقال کرگئے
مرحوم کی نمازجنازہ اتوار کو صبح 9 بجے دارالعلوم کراچی میں ادا کیا جائے گی،صدر مملکت، وزیراعظم، گورنر، وزیر اعلیٰ سندھ،وزیراطلاعات، وزیر داخلہ، مولانا فضل الرحمان، سراج الحق اور دیگر کا اظہار تعزیت
ملک کے ممتاز عالم دین،مفتی اعظم پاکستان اور دارالعلوم کراچی کے سربراہ مفتی رفیع عثمانی طویل علالت کے بعد 86برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔
دارالعلوم کراچی کی جانب سے مفتی اعظم پاکستان کے انتقال کی تصدیق کردی گئی ہے۔ مرحوم کی نمازجنازہ اتوار کو صبح 9 بجے دارالعلوم کراچی میں ادا کیا جائے گی بعدازاں انہیں دارالعلوم کراچی کے قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کی ملاقات
مولانا طارق جمیل کی شہباز شریف اور عمران خان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں
مفتی رفیع عثمانی21 جولائی 1936 کو ہندوستان کے قصبے دیوبند کے عثمانی گھرانے میں میں پیدا ہوئے۔مولانا اشرف علی تھانوی نے ان کا نام محمد رفیع رکھا۔مولانا رفیع کے والد مولانا محمد شفیع دیوبندی دارالعلوم دیوبند کے مفتی اعظم اور تحریک پاکستان کی سرخیل شخصیات میں سے ایک تھے۔ مفتی رفیع عثمانی نے 30 سے زائد کتابیں بھی لکھیں۔ مرحوم معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی کے بڑے بھائی تھے۔
وہ مجھ سے ہر حیثیت سے بڑے تھے لیکن طالب علمی سے لیکر آج تک زندگی کے ہر مرحلے میں ھمارا پچھتر سالہ ساتھ چھوٹ گیا اظہار جذبات کے لئے میرے پاس الفاظ نہیں اللہ تعالی انکو درجات عالیہ عطافرمائیں اور انکے فیوض کو انکے لئے صدقہ جاریہ بنائیں اور ہم سب کو صبر جمیل کی توفیق سے نوازیں
— Muhammad Taqi Usmani (@muftitaqiusmani) November 18, 2022
مفتی تقی عثمانی نے اپنے ٹوئٹ میں اپنے بھائی کے انتقال کی خبر سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔مفتی تقی عثمانی نے بتایا کہ مفتی رفیع عثمانی کی نماز جنازہ اتوار کو صبح 9 بجے دارالعلوم کراچی میں ادا کی جائے گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،وزیراعظم شہبازشریف،وزیرداخلہ رانا ثنااللہ، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب،گورنرسندھ کامران ٹیسوری،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان،امیر جماعت اسلامی سراج الحق ،مولانا طارق جمیل اور دیگر نے مفتی رفیع عثمانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کیا اظہار کیا ہے۔
مفتی رفیع عثمانی نے فقہ، حدیث اور تفسیر کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں، صدر مملکت
مفتی رفیع عثمانی کی دینی اور علمی خدمات، دینی علم کے فروغ میں خدمات کو یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت
صدر مملکت کی مرحوم کیلئے دعائے مغفرت، ورثاء سے اظہارِ تعزیت
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 18, 2022
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مفتی اعظم پاکستان کے انتقال پر اظہار افسوس صدر مملکت کا مفتی رفیع عثمانی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی اور علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ مرحوم نے فقہ، حدیث اور تفسیر کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دیں، مفتی رفیع عثمانی کی دینی اور علمی خدمات، دینی علم کے فروغ میں خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام کہا کہ مرحوم کی زندگی اسلام کی تبلیغ و ترویج کے لیے وقف تھی، انہوں نے مسلمانوں کے اتحاد کے لیے اپنی گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ان کی سماجی اور مذہبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مفتی محمد رفیع عثمانی رح کی وفات سے پاکستان ایک متوازن افکار ونظریات کے حامل،معتدل،بلند پایہ فقیہ اور مفتی سےمحروم ہوگیا، ان کی گراں قدر علمی خدمات کویاد رکھاجائے گا،انہوں نےاسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کی،ان کی وفات سے دل رنجیدہ ہے،اللہ تعالیٰ ہم سب کو صبرکی توفیق دے
— Maulana Fazl-ur-Rehman (@MoulanaOfficial) November 18, 2022
مولانا فضل الرحمان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مفتی اعظم پاکستان کی وفات سے پاکستان ایک متوازن افکار ونظریات کے حامل،معتدل،بلند پایہ فقیہ اور مفتی سےمحروم ہوگیا، ان کی گراں قدر علمی خدمات کویاد رکھاجائے گا،انہوں نےاسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کی،ان کی وفات سے دل رنجیدہ ہے،اللہ تعالیٰ ہم سب کو صبرکی توفیق دے۔