چوہدری شجاعت کے مخلصانہ مشورے کو مونس الہیٰ نے ہنسی میں اڑا دیا

وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے نے اپنے انٹرویو میں پارٹی سربراہ اور اپنے سگے ماموں کو تنقید کا نشانہ بنایا تو چوہدری شجاعت نے انہیں غیرذمہ دارانہ بیانات سے گریز کا مشورہ دیا مگر مونس اسے ہنسی میں اڑا گئے، بزرگوں کے احترام کی نصیحت پر انہوں نے عطااللہ تارڑ کو بھی کھڑی کھڑی سناڈالی

پاکستان مسلم لیگ قاف (پی ایم ایل کیو) کے سربراہ  سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے مونس الہیٰ کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کرنے کو مشورہ دیا جس کو مونس الہیٰ نے ہنسی میں اڑا دیا ۔

پاکستان مسلم لیگ قاف (پی ایم ایل کیو) کے سربراہ  سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعلیٰ پرویزالہیٰ کے صاحبزادے مونس الہیٰ کو غیر ذمہ دارانہ بیانات سے پرہیز کرنے کا مشورہ دیا مگر وہ اسے ہنسی میں اڑا گئے ۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کی وزیراعلیٰ ہاؤس آمد ، چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی کا پُرتپاک خیرمقدم

قاف لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا ساتھ کسی مجبوری میں نہیں دیا بلکہ ہمارے موقف میں یکسانیت تھی اس لیے ان کے ساتھ کھڑے ہوئے ۔

اس سے قبل ایک ویب سائٹ کو اپنے انٹرویو میں مونس الہیٰ نے اپنے ماموں اور پارٹی سربراہ چوہدری شجاعت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ مونس کا کہنا تھا کہ  شریف برادار کا ساتھ دینے کے لیے ماموں کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔

مونس الہیٰ نے پارٹی سربراہ اور اپنے ماموں چوہدری شجاعت کے متعلق بیان دیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے روز ان کو گھر لینے گیا تو ان باتوں سے آشکار ہوچکا تھا کہ ان کی سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے مگر میرا تو پرانا والا ہی رہا ۔

مونس الہیٰ کے انٹرویو کے بعد ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے چوہدری شجاعت نے مونس الہیٰ کو غیرذمہ دارانہ بیانات نہ دینے کو مشورہ دیا تو مونس الہیٰ نے انگلش لفظ  (LOL) استعمال کیا جس کے معنی بہت زیادہ ہنسنے کے ہیں۔

سابق وزیراعظم اور بزرگ سیاستدان کو اپنے بھانجے کی جانب سے انتہائی غیرمہذب ریپلائے کرنے پر مسلم لیگ نون کے رہنما رعطااللہ تارڑ نے  انہیں بزرگوں کے احترام کا مشورہ دیا تو مونس الہیٰ نے  انہیں بھی  کھڑی کھڑی سنادی ۔

عطا تارڑ نے مونس الہیٰ  کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر50 پرسنٹ جب تایا یا چچا جب کوئی نصیحت کریں تو اس پر ہنسا نہیں جاتا ہے۔ یہ بگڑا ہوا رئیس زادہ کرپٹ ہونے کے ساتھ ساتھ بے ادب بھی ہے۔

عطا اللہ تارڑ کے پیغام پر قاف لیگ کے رہنما مونس الہیٰ بھڑک اٹھے اورنون لیگی رہنما عطاتارڑ کی پنجاب اسمبلی کی ایک پرانی تصویر شیئر کرڈالی جس میں وہ آئین پاکستان کی کتاب ہاتھ میں پکڑے غیر مہذب اشارے کررہے ہیں ۔

متعلقہ تحاریر