وزیراعظم شہباز شریف کا صوبائی حکومتوں کے ساتھ ملکر دہشتگردی کو کچلنے کا عزم

ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب میں  وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی ملک کیلئے فتنہ اور ناسور ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ادارے مل کر بھتہ خوری، اغواء اور دہشت گردی کے فتنے کو کچل دیں گے،انہوں نے عمران خان کو گھڑی چور کہہ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے ملک کی معیشت تباہ  و برباد کردی تھی

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا فتنہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔ دہشت گردی ملک کیلئے فتنہ اور ناسور ہے اسے کچل دیا جائے گا۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور ادارے مل کر بھتہ خوری، اغواء اور دہشت گردی کے فتنے کو کچل دیں گے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد اور افتتاح کے موقع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں ملکر دہشت گردی کے فتنے کو  کچل دیں گے ۔ دہشتگردی ایک ناسور ہے ۔

یہ بھی پڑھیے

صدر مملکت نے جنرل باجوہ کی الیکشن میں مدد سے متعلق منسوب بیان کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کا فتنہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔ بنوں میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آیا لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور کمانڈو افسران اور جوانوں نے کامیاب آپریشن کیاجس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بنوں واقعے میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکار ہمارے ہیرو ہیں، ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے جرات اور بہادری کی شاندار تاریخ رقم کی ہے ۔ وزیراعظم نے انہیں خراج تحسین بھی پیش کیا  ہے ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سیلاب سے تباہی سابق حکومت کی غلط منصوبہ بندی کی وجہ سے ہوئی۔ عمران نیازی کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، مخلوط حکومت نے دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام پریشان نہ ہوں ملک کو مشکل سے نکالیں گے۔ سیلاب متاثرین کی گھروں میں آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں سے جنوبی خیبرپختونخوا اور ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس علاقے میں چند ماہ پہلے ہر طرف پانی ہی پانی تھا۔ سیلاب سے بہت تباہی ہوئی لیکن آج یہاں ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ سیلاب سے نوشہرہ، چارسدہ، کالام، کوہستان، ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں بہت نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ سوات میں جو تباہی ہوئی اس میں بڑا حصہ سابق حکومت کی غلط منصوبہ بندی کا ہے۔ دریا کے اندر گھر اور ہوٹل بنا دیئے گئے ۔ صوبے میں اس پارٹی کی حکومت ہے جو دوسروں پر تنقید کرتی ہے لیکن  ان کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے یہاں تباہی ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے

تیز بارشوں اور سیلاب نے سوات ڈویژن میں تباہی مچا دی

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں نے دن رات سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات کئے اور 85 ارب روپے کی رقم سیلاب متاثرین میں 25، 25 ہزار روپے فی خاندان کے حساب سے تقسیم کئے گئے جبکہ  کمبل، خیمے اور ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  دوسرے ممالک نے بھی مدد کی لیکن سیلاب متاثرین کیلئے وسائل جتنے بھی خرچ کریں وہ کم ہیں۔ 9 جنوری کو جنیوا میں ڈونرز کانفرنس ہو رہی ہے۔ مخلوط حکومت اور صوبے سیلاب متاثرین کی گھروں میں دوبارہ آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنیوا کانفرنس میں دنیا کو بتائیں گے کہ گرین  گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے جبکہ ترقی یافتہ ممالک کا زیادہ حصہ ہے، جو تباہی ہوئی ہے وہ ہماری وجہ سے نہیں ہوئی بلکہ آپ کی وجہ سے ہوئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہاں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز مولانا فضل الرحمان کی ذاتی دلچسپی کا مظہر ہے۔ اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان تک ہکلہ موٹروے بھی تعمیر ہو چکی ہے۔ ان موٹرویز کے معمار سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ہیں جنہوں نے پورے ملک میں موٹرویز کا جال بچھایا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکومت نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کو التواء میں ڈالے رکھا، معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا جس سے ترقی اور خوشحالی رک گئی، دوست ممالک بھی ناراض کر دیئے گئے تھے۔ معیشت سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اتنی تباہ حال ہو چکی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے  کہا کہ  عمران نیازی نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بیچ کر پیسے اپنی جیب میں ڈال لئے اور ملک کو بدنام کیا۔  مخالفین پر دن رات الزام تراشی اور دشنام طرازی کی جاتی ہے۔گھڑی چور نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا اور دوست ممالک سے تعلقات خراب کئے۔

یہ بھی پڑھیے

کابینہ ڈویژن سے1947 سے اب تک ملنے والے تمام  تحائف کا ریکارڈ طلب   

وزیراعظم نے کہا کہ جب حلف اٹھایا تو انہیں احساس نہیں تھا کہ معیشت سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اتنی تباہ حال ہو چکی ہے۔ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا، آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم ہو چکا تھا لیکن ہم نےعوام کے تعاون سے  ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کے بے پناہ چیلنجز موجود ہیں۔ سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔دنیا میں کساد بازاری ہے۔ تیل و گیس کی قیمتیں بڑھ چکی ہیں تاہم عوام پریشان نہ ہوں مخلوط حکومت اور ادارے ملک کو مشکل سے نکالیں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ اگر ہم محنت کریں تو پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر چلے گا، نعروں، مرثیوں اور اشعار سے نہیں محنت سے ملک ترقی کرے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان ژوب سی پیک روٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ الیکشن میں عوام فیصلہ کریں گے کہ انہوں نے اس کو ووٹ دینا ہے جس نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی تک بیچ دی اور دن رات دشنام طرازی کرتا ہے یا اس کو ووٹ دیں جو دن رات ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ہم ملک کو غربت اور بیروزگاری سے نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیموں کی تعمیر علاقے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ضروری ہے۔ چیئرمین واپڈا اس سلسلے میں منصوبہ بندی کریں۔ مرحلہ وار صوبے میں ڈیم تعمیر کئے جائیں گے۔ نئے ایئرپورٹ کا سنگ بنیاد ڈیرہ اسماعیل خان میں رکھ دیا گیا ہے جس کے ساتھ انڈسٹریل اسٹیٹ کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم محمد شہبازشریف کو ڈیرہ اسماعیل خان کے کی ترقی کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کووفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی۔ سی پیک کے مغربی روٹ سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

 وفاقی وزیرمواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کے بعد سی پیک کے مغربی روٹ ، یارک ژوب کے ایک سیکشن اور جنوبی خیبرپختونخوا کےلئے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے شکرگزار ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

ملک میں مہنگائی کی شرح 27.3 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

انہوں نے کہا کہ  ان منصوبوں سے خیبرپختونخوا کے اضلاع اورڈیرہ اسماعیل خان کے گردونواح میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں میگا ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا اسعد محمود نے مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کےلئے وزیراعظم کی آمد پر اظہارتشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ترقی کے سفر کا دوبارہ آغاز وہیں سے کیا ہے جہاں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ سفر چھوڑا تھا ۔

متعلقہ تحاریر