فیصل واوڈا سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہو گئے

آج ٹوئٹر پر فیصل واوڈا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو جمع کرادیا ہے۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما اور سینیٹر فیصل واوڈا نے اپنی سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا کی کراچی کی ایک نشست پر قومی اسمبلی کے انتخاب میں حصہ لینے کے دوران اپنی دہری شہریت چھپانے اور جھوٹ بولنے پر غیر مشروط معافی مانگنے پر ان کی تاحیات نااہلی کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی پارلیمانی کردار ادا کرنے کو تیار ہے لیکن حکومت سنجیدہ نہیں، شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کےفیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے مختصر حکم نامے میں قرار دیا تھا کہ فیصل واوڈا کو موجودہ پارلیمنٹ کی مدت کے اختتام تک نااہل تصور کیے جاتے ہیں ، تاہم ، وہ ملک میں اگلے انتخابات میں لڑنے کے اہل ہوں گے۔

عدالت عظمیٰ نے متعلقہ حکام کو حکم دیا تھا کہ فیصل واوڈا کا استعفیٰ مزید کارروائی کے لیے چیئرمین سینیٹ کو بھجوایا جائے۔

آج ٹوئٹر پر فیصل واوڈا نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں انہوں نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینیٹ کو جمع کرادیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں فیصل واوڈا نے لکھا ہے کہ ” میں نے بطور سینیٹر اپنا استعفیٰ چئیرمین سینیٹ کو پیش کر دیا ہے، یہ سیٹ عمران خان کی امانت تھی، اخلاقی طور پر اور سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اپنا فرض ادا کر دیا، اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اور اس کے بعد عمران خان سمیت تمام کولیگ سینیٹرز کا شکرگزار ہوں، سیاسی جدوجہد جاری رہے گی!۔”

متعلقہ تحاریر