اسلام آباد خودکش دھماکے میں ملوث تمام دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا، رانا ثناء اللہ
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا ہے آئی ٹین فور حملے میں ملوث دہشتگردوں سے تحقیقات جاری ہیں آنے والے دنوں میں مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ شہداء کا حق ادا نہیں کرسکتے ، شہید قوم کا محسن ہوتا ہے ، شہید کا خون زمین پر گرتا ہے تو قوم کی تقدیر بدل جاتی ہے ، وفاقی حکومت نے سالہ سال سے رکے ہوئے 1 ارب 22 کروڑ روپے شہداء کی فیملیز کو ادا کردیئے گئے ہیں۔ ہم نے مالی مشکلات کے باوجود شہداء کی فیملیز کو رقم ادا کی۔ ہم شہید عدیل حسین کی فیملی کو بھی جلد شہید پیکج دیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا آئی ٹین فور میں جو واقعہ پیش آیا ، اس میں شہید ہونے والے سید عدیل حسین کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ ان کی شہادت سے اسلام آباد ایک بڑے نقصان سے بچ گیا۔ اسلام آباد پولیس اپنی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے نبھا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
پی ٹی آئی کے سربراہ نے لاہور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف درخواست دائر کردی
عدالتی احکامات کی حکم عدولی: محکمہ کسٹمز پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا آئی ٹین فور کے تمام ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا جبکہ قومی اسمبلی پر حملے کی منصوبہ کرنے والے ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان سے تحقیقات چل رہی ہیں۔ کچھ تحقیقات جاری ہیں اس لیے ہم سب کچھ ابھی میڈیا شیئر نہیں کرسکتے۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں حملے میں ملوث 10 سے زائد دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا این ایس سی کی میٹنگ میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشتگردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائےگی۔
کالعدم ٹی ٹی پی سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں کالعدم ٹی ٹی پی کو مذاکرات کی ٹیبل پر لائیں، ٹیبل پر لانے کی پہلی شرط ہے کہ وہ ہتھیار رکھیں۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا قومی سلامتی کمیٹی کے میٹنگ میں جو فیصلے ہوئے آنے والے دنوں میں ان پرعمل ہوتا دیکھیں گے، تمام صوبوں کی سی ٹی ڈی کو وفاق کی طرف سےمدد دی جائے گی۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا دہشتگرد کو روک کر ہلاک کرنا اسلام آباد پولیس کا بڑا کارنامہ ہے، پولیس کی کاوش کی وجہ سے بڑے نقصان سے محفوظ رہا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہید سید عدیل کی فیملی کو شہداء پیکج دیا جا رہاہے، پنشن اور بچوں کے اسکول کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔