بلوچستان حکومت کا بڑا اقدام ، لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کیلئے جدید نظام متعارف

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی دستیابی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

بلوچستان میں ارضیات سے متعلق انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے کمپیوٹرائزڈ فرد کے اجراء، رجسٹری کے اندراج، فوری کمپیوٹرائزڈ انتقال کا اجراء اور ڈیجیٹلائزڈ زمینی نقشہ کا فوری حصول آسان بنادیا گیا۔ عوام ون ونڈو کے ذریعے یہ سہولیات حاصل کرسکیں گے۔ یہ سہولیات ابتدائی طور پر گوادر اور پشین کے اضلاع اور اگلے مرحلے میں کوئٹہ اور جعفرآباد کے اضلاع میں فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی دستیابی کے منصوبے کا افتتاح کیا۔

Issuance of computerized person in Balochistan
APP

اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر بلوچستان لینڈ ریونیو انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے گوادر اور پشین میں مرکز سہولیات کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان میں 2 کروڑ 30 لاکھ افراد باتھ رومز کی سہولت سے محروم ہیں

ریکوڈک کے تمام اختیارات بلوچستان حکومت کو تفویض کیے جائیں، اصغر اچکزئی

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے پر محکمہ ریونیو 2017 سے کام کر رہا تھا جس کے تحت زمینوں کے مینول ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور مرکز سہولیات میں کمپیوٹرائزڈ فرد کا اجراء،رجسٹری کے اندراج، فوری کمپیوٹرائزڈ انتقال کا اجراء،ڈیجیٹلائزڈ زمینی نقشہ کا فوری حصول اور عوامی شکایات کے اندراج کے لیے پورٹل بھی میسر ہوگا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اگلے مرحلے میں جعفر آباد اور کوئٹہ کی لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کی جائے گی، عوام کو مرکز سہولیات کی چھت کے نیچے ون ونڈو آپریشن کے تحت اراضیات کے انتقال سمیت ہر سہولت میسر ہوگی۔

عوام پٹواری، تحصیلدار اور ریونیو آفیسر کی بجائے براہ راست مرکز سہولیات جا سکتے ہیں اور فرد کے جدید نظام سے سروس ڈیلیوری بہتر ہوگی اور پورے عمل میں شفافیت آئے گی اس کے علاوہ لینڈ سکیورٹی، ریونیو اور گورننس بھی بہتر ہوگی۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور محکمہ ریونیو کی بہترین کارکردگی پر صوبائی وزیر میر سکندر علی عمرانی اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور ہمیں اب مینول سسٹم سے نکلنا چاہیے۔

عبدالقدوس بزنجو نے ہدایت کی کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

وزیر اعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ اس نظام کے ذریعہ سہولت اور شفافیت یقینی بنائی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پیشہ ورانہ مہارت کے لیے نئے رجحانات کو متعارف کروا رہا ہے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ گورننس کی بہتری،لینڈ مارکیٹ کے موثر انتظام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا۔

وزیر اعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم محکمہ ریونیو میں جدت آئے گی اور محکمہ ترقی کی منزل کی جانب اپنے سفر پر گامزن رہے گا۔

متعلقہ تحاریر