الیکشن کمیشن دھمکی کیس: فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور

اسلام آباد کی سیشن عدالت نے 20 ہزار کے مچلکوں کے عیوض فواد چوہدری کو ضمانت پر رہا کردیا۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر  فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی سیشن عدالت نے الیکشن کمیشن کو دھمکی دینے کے کیس میں رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان کے بعد اتحادی بھی نشانے پر، گجرات میں چوہدری پرویز الہٰی کے گھر چھاپہ

قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات: عمران خان 33 نشستوں پر پی ٹی آئی کے امیدوار نامزد

عدالت نے فواد چوہدری کو 20 ہزار کے مچلکوں کے عیوض ضمانت دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سیاستدانوں کو ایسے بیانات زیب نہیں دیتے۔

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری جوڈیشل ریمانڈ پر بھی تھے، تاہم آج ان کی ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

فواد چوہدری کے وکلاء کی جانب سے اسلام آباد کی سیشن عدالت میں ضمانت کی درخواست جمع کرائی تھی ، عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد فواد چوہدری ضمانت منظور کرلی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر فواد چوہدری کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ، جس کے بعد اسلام آباد پولیس نے فواد چوہدری کو لاہور سے گرفتار کرلیا تھا۔

اسلام آباد منتقلی کے بعد پولیس نے عدالت سے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دیا ، تاہم دوسری مرتبہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تھا ، بعد ازاں پولیس نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ کے خلاف درخواست دیتے ہوئے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے مزید دو روز کا جسمانی ریمانڈ دیا تھا۔

رواں ہفتے پیر کے روز جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت نے فواد چوہدری کو ایک مرتبہ پھر جوڈیشل ریمانڈ پر عدالت بھیج دیا تھا۔

تاہم آج اسلام آباد کی سیشن عدالت نے فواد چوہدری کی وکلاء کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے 20 ہزار کے مچلکوں پر ان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

متعلقہ تحاریر