رجسٹرا ر سپریم کورٹ کے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر اعتراضات
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ میں عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست دائر کی جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تاہم رجسٹرار سپریم کورٹ نے درخواست پر اعتراضات لگا دیئے

پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے کے لیے سپریم کورٹ رجوع کرلیا۔ پی ٹی آئی رہنما نے درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا ۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اسلام آباد میں رینجرز کے ذریعے نیب کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں اپنی گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیے
امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ
تحریک انصاف کے رہنما سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست جمع کروائی تاہم رجسٹرار نے درخواست پر اعتراضات لگا دیئے ۔
رجسٹرار نے درخواست پر اعتراض لگا کر واپس کر دیا۔اعتراض میں کہا گیا کہ عمران خان ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر سکتے تھےمگر انہوں نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا ۔
سپریم کورٹ کے رجسٹرار نے اعتراض اٹھایا کہ عمران خان کی درخواست کے ساتھ منسلک دستاویزات نامکمل ہیں جبکہ درخواست کے ساتھ منسلک پاور آف اٹارنی پر بھی دستخط نہیں کیے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے سپریم کورٹ دائر درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیکر فوری رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کے جاری کردہ وارنٹ گرفتاری غیر قانونی ہیں۔ نیب نے انکوائری کو تفتیش میں تبدیل کرنے کے بعد وارنٹ جاری نہیں کئے۔