حب ڈیم میں کراچی کے لئے اگلے تین سال کا پانی ذخیرہ کرلیا گیا

حالیہ بارشوں سے قبل ڈیم میں پانی کی سطح 322 فٹ تھی جو بارشوں کے بعد 339 فٹ ہوگئی ہے۔

حب ڈیم مکمل بھر گیا ، کراچی کو فراہمی کے لئے تین برس کا پانی ذخیرہ کرلیا گیا۔ مون سون کی حالیہ بارشوں سے حب ڈیم کی سطح آب 18 فٹ کے اضافے کے ساتھ 339 فٹ ہوگئی۔

بلوچستان میں واقع حب ڈیم حالیہ مون سون کی بارشوں سے بھرنے کےبعد اسپیل وے سے پانی کا اخراج شروع ہو گیا ہے۔ حب ڈیم 6,87,000 ایکڑ فٹ پانی کے ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے ساتھ 339.15 فٹ کی زیادہ سے زیادہ سطح پر بھر گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش ، متعدد علاقے زیرآب، چھت گرنے سے ایک بچہ جاں بحق

وفاقی دارالحکومت اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش، متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے

اس طرح حب ڈیم سے اب کراچی اور دیگر علاقوں کو ساڑھے تین برس تک پانی فراہم کیا جاسکے گا۔

حب ڈیم سے شہر کو یومیہ 100 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

حالیہ بارشوں سے قبل ڈیم میں پانی کی سطح 322 فٹ تھی جو بارشوں کے بعد 339 فٹ ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کو پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں مزید پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش باقی نہیں رہی، دریجی  اور شاہ نورانی کے علاقوں میں جاری بارشوں کے باعث پانی کے بہاؤ  میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

حب ڈیم انتظامیہ کے مطابق مزید سیلابی پانی کے ریلوں کی ڈیم میں آمد کا سلسلہ جاری ہے اور ڈیم کا اضافی پانی حب ندی کے راستے سمندر میں گرایا جارہا ہے۔

حب ڈیم  اور حب ندی کے گردونواح میں لیویز اور پولیس فورس تعینات کرکے سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

حب ندی میں ایمرجنسی نافذ کرکے چھوٹی بڑی گاڑیوں کا داخلہ بھی بند کردیا گیا ہے۔

لیویز پولیس فورس کے جوانوں نے  علاقے میں کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پٹرولنگ شروع کردی ہے۔حب ڈیم اس سے قبل 2007 اور 2020 میں مکمل بھرا تھا۔

متعلقہ تحاریر