الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کے کیسز برابری کی بنیاد پر دیکھے، اسلام آباد ہائی کورٹ

عدالت عالیہ نے کہا کہ آئین کی شق 25 کے تحت الیکشن کمیشن کو تمام جماعتوں سے متعلق کیسز کو برابری کی سطح پر دیکھنا چاہیے۔

پی پی اور ن لیگ کے پارٹی فنڈنگ کیسز کے فیصلے جلد کرنے کی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الیکشن کمیشن کو ہر پارٹی سے متعلق کیسز برابری کی سطح پر دیکھنے چاہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کی درخواست کی سماعت کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف سے دیگر سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں امتیازی سلوک کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

اینکر کامران خان کی عمران خان سے حوالے سے ٹوئٹ پر سعد رفیق کا شدید ردعمل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فواد چوہدری کے خلاف توہین عدالت کی درخواست مسترد کردی

پی ٹی آئی کے پارٹی فنڈ سے متعلق کیس میں 2008 سے جب کہ مسلم لیگ نواز اور پیپلزپارٹی کی صرف تین برس کے پارٹی فنڈنگ کی اسکروٹنی کی گئی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی کے حوالے سے منصفانہ اور شفاف کردار کھودیا۔

درخواست گزار کی جانب سے انور منصور خان نے عدالت سے استدعا کی کہ الیکشن کمیشن کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کے پانچ سال کے پارٹی فنڈز کی اسکروٹنی 2 ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم دے۔

انوار منصور نے کہا ہے اس عدالت کے ڈویژن بینچ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن سب سے یکساں سلوک کرنے کے علاوہ سب کو یکساں مواقع فراہم کرے گا اور تمام جماعتوں کے کیسز کو ایک نظر سے دیکھے گا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ یہ عدالت کیسے فرض کر سکتی ہے کہ لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی جا رہی۔ الیکشن کمیشن آئینی فورم ہے، اسے ہم کیسے ریگولیٹ کر سکتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ پہلے ہی کہہ چکی کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ عدالت تمام آئینی اداروں کا احترام کرتی ہے۔

عدالت عالیہ نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ انہیں الیکشن کمیشن سے شکایت ہے تو پہلے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے۔

چیف جسٹس سے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پہلے عدالت کیسے حکم جاری کرسکتی ہے؟۔

عدالت عالیہ نے کہا کہ آئین کی شق 25 کے تحت الیکشن کمیشن کو تمام جماعتوں سے متعلق کیسز کو برابری کی سطح پر دیکھنا چاہیے۔

متعلقہ تحاریر