خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں عمران خان کی مستقل ضمانت منظور
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے گزشتہ سماعت پر 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی آج تک کے لیے ضمانت منظور کی تھی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ سیشن عدالت نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی خاتون جج کو دھمکی دينے کے مقدمے سمیت دو مقدمات میں مستقل ضمانت منظور کرلی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کامران بشارت مفتی نے کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان خاتون جج کو دھمکانے کے کیس میں عدالت واقع ایف ایٹ کچہری اسلام آباد پہنچے۔
یہ بھی پڑھیے
الطاف حسین کا نام نادرا ریکارڈ سے غائب، اسلام آباد ہائی کورٹ نے جواب طلب کرلیا
اسلام آباد کے بزرگ وکیل آئیسکو کی من مانی بلنگ سے پریشان
عمران خان کے وکیل بابر اعوان اور پراسیکیوٹر واجد منیر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے خلاف تھانہ کوہسار اسلام آباد میں ایک مقدمہ درج ہے ، جس میں عمران خان شامل تفتیش بھی ہوئے ہیں جب کہ کوہسارمیں درج مقدمات میں تمام ملزمان کی ضمانتیں منظورہو چکی ہیں۔
بابر اعوان نے مؤقف پیش کیا کہ تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعہ لگی تھی جو ہائی کورٹ نے ختم کر دی تھیں۔
پبلک پراسیکیوٹر واجد منیر کا موقف تھا کہ عمران خان نے تفتیش میں صحیح طریقے سے حصہ نہیں لیا۔ جج نے استفسار کیا کہ اشتعال انگیزی کس تقریر میں تھی، وہ آپ نے بتانا ہے۔
پبلک پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عمران خان نے پبلک سرونٹس کو دھمکیاں دیں۔
جج کامران بشارت مفتی نے پروسیکیورٹر سے استفسار کیا کہ یہ جلسہ کدھر ہو رہا تھا، اگر ایف نائن پارک میں ہو رہا تھا تو پھر دفعہ 144 کیسے لگی، اس مقدمہ میں 506 ٹو تو نہیں لگی۔
کامران بشارت مفتی نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان کے خلاف درج مقدمہ میں قابل ضمانت دفعات ہیں۔
خاتون جج کو دھمکی کے کیس میں عدالت نے عمران خان کی ضمانت 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کر لی جب کہ تھانہ کوہسار میں درج اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمے میں بھی عمران خان کی مستقل ضمانت منظور کرلی گئی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے گزشتہ سماعت پر 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی آج تک کے لیے ضمانت منظور کی تھی۔
پی ٹی آئی کے وکلاء نے آج مقدمہ کی سماعت کے موقع پر نقد 5 ہزار روپے جمع کرانے کی درخواست عدالت میں دے دی۔ جج نے حکم دیا کہ 5 ہزار روپے نہیں 50 ہزار روپے ہی جمع کرائے جائیں۔
جس کے بعد ان کے وکلاء نے 50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے عدالت میں جمع کرا دیے۔