پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو سپریم کورٹ میں داخلے سے روک دیا گیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پارٹی چیئرمین عمران خان پر حملے سمیت دیگر معاملات پر درخواست دائر کرنے سپریم کورٹ پہنچے تو سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا ، روکے جانے والوں میں پی ٹی آئی کے اراکین سینیٹ اور قومی اسمبلی شامل تھے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنماؤں کو سپریم کورٹ میں داخلے سے روک دیا گیا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو عدالت عظمیٰ میں داخلے سے روکا گیا ہے ۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پارٹی چیئرمین عمران خان پر حملے سمیت دیگر معاملات پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے پہنچے تو سیکیورٹی برانچ کی جانب سے انہیں عدالت میں جانے سے روک دیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیے

نیب ترامیم مخصوص افراد کو فائدہ پہنچانے کیلئے کی گئی، جسٹس اعجاز الاحسن

سپریم کورٹ سیکورٹی برانچ کے اہلکاروں نے  سینیٹر  سیمی ایزدی ،سینیٹر وسیم سجاد ، سینیٹر شوکت ترین ، سینیٹر شبلی فراز سمیت پی ٹی آئی کےایوان بالا اور ایوان زیریں کے ارکان کو عدالت میں جانے سے روک دیا ۔

عدالت عظمیٰ کے باہر روکے جانے والوں میں سینیٹر اعظم سواتی بھی موجود تھے۔ علی محمد خان عون عباس کو بھی سپریم کورٹ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی جس پر تمام ارکان مین گیٹ پر کھڑے رہے ۔

سابق وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ ہمیں منتخب اراکین کو سپریم کورٹ میں جانے سے روکا جا رہا ہے جبکہ سپریم کورٹ سیکورٹی برانچ کے مطابق اس حوالے سے آگاہی فراہم نہیں کی گئی تھی۔

سپریم کورٹ سیکورٹی برانچ کے مطابق عدالت میں صرف متعلقہ افراد کو جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔ سیکیورٹی برانچ کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کی سپریم کورٹ آمد سے متعلق پہلے آگاہ نہیں کیا گیا تھا ۔

سیکیورٹی برانچ حکام نے بتایا کہ عدالت میں صرف مجاز افراد کو اجازت ہوتی ہے۔ جتھے بناکر کسی کو بھی سپریم کورٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی ہے ۔

متعلقہ تحاریر