وزیراعظم شہباز شریف سے تکرار کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر کا سینٹورس مال سیل
گزشتہ روز میرپور آزاد کشمیر میں منگلا یونٹ 5 اور 6 کی تجدید کاری کی تقریب میں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر میں تکرار ہوئی تھی، سردار تنویر الیاس نے شہباز شریف کے رویے کو جاگیر دارانہ قرار دیا تھا، رات گئے اسلام آباد انتظامیہ نے سینٹورس مال پر تالے ڈال دیے
وزیراعظم شہبازشریف کی گزشتہ روز دورہ میرپور آزاد کشمیر کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس سے تکرارکا نتیجہ نکل آیا۔وزیراعظم شہبازشریف کے دورے کے فوری بعد اسلا آباد میں واقع سردار تنویر الیاس کا سینٹورس مال سیل کردیا گیا۔
گزشتہ روز میر پور آزادکشمیر میں منگلا یونٹ 5 اور 6 کی تجدید کاری کی تقریب میں شہباز شریف کے خطاب کے دوران تنویرالیاس نے بار بار بولنےکی کوشش کی۔
یہ بھی پڑھیے
شہباز شریف اور تنویر الیاس کے درمیان لفظی تکرار، وزیر اعظم آزاد کشمیرکا احتجاج
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ طاقتور حلقوں کے پیغامات عمران خان کو پہنچانے لگے
وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب ختم کرنےکےکلمات کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر کچھ کہنے لگے جس پر شہباز شریف غصے میں آگئے اور بار بار کہتے رہے کہ وزیراعظم صاحب بیٹھیں آپ سے بات کریں گے۔
بعد ازاں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ واپڈا نے وزیراعظم آزادکشمیرکو تقریب کی اطلاع دی اور نہ ہی شرکت کی دعوت دی، واپڈاکے اہلکاروں نے ہمیں وزیراعظم شہباز شریف کے استقبال سے بھی روکا، اگرہم وزیراعظم پاکستان کا استقبال کرتے توان کی شان میں اضافہ ہوتا۔
تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے ڈی آئی جی اور کمشنر کو بھی پہچاننے سے انکار کر دیا گیا، وزیراعظم شہبازشریف نے مجھے تقریب میں بات کرنےکا موقع بھی نہیں دیا، ان کارویہ چوہدری اور جاگیردار والا تھا، آزادکشمیر کے عوام کے ساتھ ہتک آمیز رویہ ناقابل قبول ہے۔
اس واقعے کے بعد رات گئے سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول نےاسلام آباد کے معروف سینٹورس مال کو سیل کر دیا۔سینٹورس مال کو سیل کرنے کی وجہ غیر قانونی استعمال بتایا گیا ہے۔
سی ڈی اے بلڈنگ کنٹرول اور اسلام آباد انتظامیہ نے رات گئے سنٹورس مال سے گارڈز اور مال انتظامیہ کو باہرنکال کر عمارت کو سربمہر کردیا ۔
ذرائع کے مطابق سینٹورس مال کیخلاف کارروائی وزیراعظم شہبازشریف کے دورہ میرپور کےد وران وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے ہونے والی تکرار کا نتیجہ ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد میں واقع سینٹورس مال وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کی ملکیت ہے۔