بنوں روڈ پر پولیس وین پر حملہ: ایک شخص جاں بحق ، 22 افراد زخمی
پولیس حکام کا کہنا ہے دستی بم حملے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ موقع سے شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
بنوں روڈ پر مروت مارکیٹ قریب شرپسندوں کے دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں بنوں روڈ کے قریب پولیس وین پر شرپسندوں کی جانب سے دستی بم کا حملہ کیا گیا ہے ، جس کے نتیجے میں ایک راہگیر جاں بحق جبکہ 2 اہلکاروں سمیت 22 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
بنوں روڈ پر شرپسندوں کی جانب سے جیسے ہی پولیس وین پر دستی بم کا حملہ کیا گیا تو وہاں پر موجود ٹریفک پولیس کے اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ شروع کردی جس سے شرپسند موقع سے فرار ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیے
کوہاٹ میں کوئلے کی کان کے تنازع پر قبائلی تصادم، 16 افراد ہلاک، 12 زخمی
پی ٹی آئی کاریڈیو پاکستان پر حملہ؛ 4 جاں بحق،27 زخمی، قائد اعظم کی تصاویر بھی نذر آتش کی گئیں
دستی بم حملے کے فوری بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے لاش اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا۔ جہاں ان طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
پولیس حکام اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں ، جبکہ پولیس نے ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
پولیس حکام نے دستی بم حملے کےبعد ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دینے کا عمل بھی جاری ہے۔
دوسری جانب ڈی پی او ٹانک وقار احمد چوہان نے اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے سول لائنز کے قریب حملہ آوروں کو گھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ملزمان اور اہلکاروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے۔