کےپی بجٹ: محکمہ خزانہ کی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اضافے کی تجویز
خیبرپختونخوا کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 17 فیصد اضافے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

خیبرپختونخوا (کےپی) کے محکمہ خزانہ نے مالی سال 2023-24 کے چار ماہ کے بجٹ میں گریڈ 1 سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اور گریڈ 16 سے اوپر کے ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے۔
مالی سال 2023-24 کی بجٹ تجویز میں ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 17 فیصد اضافے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
بجٹ تجاویز کی دستاویز میں کم از کم اجرت 26,000 روپے سے بڑھا کر 32,000 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت مالی سال 24-2023 کے چار ماہ کا بجٹ آج یعنی منگل کے روز پیش کرنے والی ہے۔ محکمہ خزانہ نے عبوری حکومت کے چار ماہ کے اخراجات کے لیے 462.16 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز پیش کی۔
یہ بھی پڑھیے
کھانے پینے کی اشیاء کا بحران سر اٹھانے لگا؛ امپوٹرزکا درآمدات بند کرنے کا اعلان
چینی قرضے کی ادائیگی کا بندوبست کرلیا ہے، اسحاق ڈار کا دعویٰ
مزید یہ کہ آباد شدہ اضلاع کے لیے مجوزہ فنڈز 402.61 ارب روپے ہیں جبکہ انضمام شدہ اضلاع کے لیے 59.54 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
صوبائی محکمہ خزانہ نے صوبے کے زیر التوا ترقیاتی منصوبوں کے لیے 112.11 ارب روپے کے فنڈز مختص کرنے کی تجویز پیش کی۔
بجٹ دستاویزات کے مطاق آباد اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے مجموعی طور پر 43.33 ارب روپے جبکہ آباد اضلاع کی مقامی حکومتوں کے لیے 8.36 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
صوبائی بجٹ میں اسی طرح آباد اضلاع کے موجودہ اخراجات کے لیے 309.49 ارب روپے کی رقم تجویز کی گئی ہے۔
صوبائی محکمہ خزانہ نے انضمام شدہ اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 8.66 ارب روپے تجویز کیے ہیں۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے مجموعی طور پر 192.97 ارب روپے اور پنشن کے لیے 42.36 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔
دستاویز میں سرکاری ملازمین کے ڈیپوٹیشن الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کی تجویز بھی دی گئی۔
سیکرٹریٹ پرفارمنس الاؤنس میں 100 فیصد اضافے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ معذور ملازمین کے کنوینس میں بھی 100 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔ دستاویز میں پولیس اہلکاروں کے راشن الاؤنس میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
بجٹ میں پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ کے لیے ایک ارب روپے کی سبسڈی تجویز کی گئی ہے جب کہ دستاویز میں سرکاری گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگانے کی تجویز دی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کا بجٹ اس ماہ کے شروع میں وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کی جانب سے بجٹ پیش کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے 10 جون کو سندھ اسمبلی میں مالی سال 2023-24 کا صوبائی بجٹ پیش کیا، بجٹ کا مجموعی تخمینہ 2.24 کھرب روپے تھا۔
9 جون کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں فنانس بل 2023-24 پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ حکومت نے آئندہ سال کے لیے کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا۔ انہوں نے کہا تھا کہ بجٹ کا کل تخمینہ 14.46 ٹریلین روپے ہے۔