ڈی آئی خان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے راکٹ حملے، چار اہلکار زخمی

ڈی پی او شعیب خان کا کہنا ہے دہشتگردوں کی جانب سے چیک پوسٹ پر 17 سے زائد راکٹ فائر کیے گئے۔

جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو سیکیورٹی فورسز نے ناکام بنا دیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شعیب خان کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا، حملے میں 17 سے زائد راکٹ فائر کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے

سی ٹی ڈی بنوں سینٹر میں شہید ہونے والے صوبیدار میجر خورشید اکرم کی نماز جنازہ ادا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی فنڈز کے حصول کے لیے قومی اسمبلی کے سامنے دھرنے کی دھمکی

فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس سے قبل، جمعرات کو خیبر پختونخواہ کے ضلع کرم میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے تھے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ضلع کرم میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق افواج پاکستان دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور بہادر فوجیوں کی قربانیاں ان کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ تحاریر