خیبرپختونخوا میں سیاسی بلوغت کا مظاہرہ، نگراں وزیراعلیٰ کیلیے اعظم خان پر اتفاق

ہم نے ایسے شخص کا چناؤ کیا ہے جو سب کو قابل قبول ہے، اکرم درانی:تاریخ میں پہلی بار متفقہ طور نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق ہوا اور ہم نے اپنے لیڈر کی مشاورت سے اعظم خان پر اتفاق کیا، محمود خان

خیبرپختونخوا کی سیاسی قیادت نے حیران کن طور پر سیاسی بلوغت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نگراں وزیراعلیٰ کیلیے سابق چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اعظم خان کے نام پر اتفاق کرلیا۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں نگران وزیراعلیٰ کے لیے متفقہ طور پر سابق چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اعظم خان کے نام کی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

نگراں وزیراعلیٰ الیکشن کمیشن نے لگایا تو عدالت میں چیلنج کریں گے، چوہدری پرویز الہیٰ

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری پر حکومت اور اپوزیشن فیل: گیند الیکشن کمیشن کے کورٹ میں

ملاقات میں اعظم خان کے نام پر اتفاق رائے پیدا ہونے کے بعد وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے اعظم خان کو نگراں وزیراعلیٰ مقرر کرنے کی سمری پر دستخط کیے مسکراہٹوں کے تبالے کے ساتھ مصافحہ کیا۔

اس موقع پر اکرم درانی کا کہنا تھاکہ نگران وزیراعلیٰ کے لیے ہمارے متفقہ امیدوار اعظم خان ہیں، ہم نے ایسے شخص کا چناؤ کیا ہے جو سب کو قابل قبول ہے، نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہ کرتے تو لوگ سمجھتے یہ ابھی بھی ضد پر ہیں۔

وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھاکہ تاریخ میں پہلی بار متفقہ طور نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق ہوا اور ہم نے اپنے لیڈر کی مشاورت سے اعظم خان پر اتفاق کیا۔

اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر عہدوں پر رہ چکے ہیں اور وہ سابق نگراں وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔انہوں نے لنکنزان لندن سے بارایٹ لا کی ڈگری حاصل کی۔

محمد اعظم خان 24 اکتوبر 2007 سے یکم اپریل 2008 تک کے پی کے کے وزیر خزانہ، منصوبہ بندی اور ترقی رہے ،جنوری 1997 سے 6 جون 2007 تک لاچی غربت مٹاؤمنصوبے (ایل پی آر پی) کے یو این ڈی پی کے مشیراور نیشنل پروجیکٹ کوآرڈینیٹر بھی رہے ۔اس کے علاوہ وہ چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ  جبکہ سیکریٹری وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور سیکریٹری وزارت مذہبی امور بھی رہ چکے ہیں ۔

چارسدہ سے تعلق رکھنے والے سابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اعظم خان خیبرپختونخوا کی کم و بیش تمام سرکردہ سیاسی گھرانوں سے قریبی رشتہ داری ہے ۔

وہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس، سابق نگران صوبائی وزیر عباس خان کے بھائی، قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ کے کزن ہیں اور ضلع اٹک پنجاب سے ن لیگ کے سابق ایم پی اے خانزادہ تاج کے داماد ہیں جو سابق وزیرداخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے چچا ہیں۔

ان کے بھائی عباس خان کی اہلیہ سابق صوبائی وزیر خواجہ محمد خان ہوتی کی فرسٹ کزن ہیں جب کہ ان کے ایک بھتیجے عمرشہزاد کی اہلیہ پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر عمرایوب کی ہمشیرہ ہیں۔

متعلقہ تحاریر