لاہور ہائی کورٹ نے دوپہر سوا دو بجے عمران خان کو طلب کرلیا

جسٹس سید شہباز رضوی نے ریمارکس دیئے تھے کہ اگر عمران خان کو عدالت سے ریلیف چاہیے تو انہیں آج عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔

لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو آج طلب کرلیا ہے ، جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ عمران خان کی دو مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی سماعت کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں درج دو مقدمات میں حفاظتی کے لیے درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی ہے۔ ہائی کورٹ نے عمران خان کو سوا دو بجے عدالت میں طلب کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جوڈیشل کمپلیکس میں میرے قتل کی سازش تیار تھی وقت پر مجھے مطلع کردیا گیا، عمران خان

جھوٹوں کی شہزادی مجھے جیل میں دیکھنا چاہتی ہے، عمران خان

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل دو رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر نے درخواست میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ جب عمران خان توشہ خانہ کیس میں پیش ہونے کے لیے اسلام آباد کی عدالت میں گئے تو پولیس کی جانب سے ان پر کارکنان پر شیلنگ کی گئی ، اور الٹا دو مقدمات بھی عمران خان کے خلاف درج کرلیے گئے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتے ہیں اور شامل تفتیش ہوکر بے گناہی ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ اس بنا پر عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔

واضح رہےکہ گذشتہ عمران خان کی جانب سے عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ کارروائی آج دوپہر تک ملتوی کردی تھی۔

جسٹس سید شہباز رضوی نے ریمارکس دیئے تھے کہ اگر عمران خان کو عدالت سے ریلیف چاہیے تو انہیں آج عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔

متعلقہ تحاریر