اینٹی کرپشن حکام نے عمران خان کی بہن کے گرد گھیرا تنگ کر دیا
محکمہ اینٹی کرپشن نے عظمیٰ خان کے خلاف 5261 کنال زرعی اراضی کی خریداری کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
پنجاب کے محکمہ اینٹی کرپشن نے لیہ میں عمران خان کی بہن عظمیٰ خان کے خلاف 5 ہزار 261 کنال اراضی کی تحقیقات تیز کر دی ہیں۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے زمین کیس میں عمران خان کی بہن اور ان کے شوہر کو مرحلہ وار تین نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اگر عظمیٰ خان اور ان کے شوہر نوٹسز کی تعمیل کرنے میں ناکام رہے تو یکطرفہ کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے
شیریں مزاری نے پی ٹی آئی اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا
بحریہ ٹاؤن لاہور میں لڑکیوں پر تشدد کا معاملہ: متشدد خاتون زیرحراست
حکام کا کہنا ہے کہ پہلا نوٹس اس ہفتے جاری کیا جائے گا، جب کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں تین مرحلہ وار نوٹس بھیجے جائیں گے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ اگر پہلے نوٹس پر عظمیٰ خان اور شوہر پیش ہوتے ہیں تو انہیں ایک سوالنامہ دیا جائے گا۔
اینٹی کرپشن ٹیم نے چوبارہ میں ریونیو آفس پر چھاپہ مار کر ریکارڈ تحویل میں لے لیا ہے۔
عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں اپنے اور اپنے شوہر احد مجید خان کے نام پر دو مختلف ٹرانسفر ڈیڈز کے ذریعے زمین خریدی تھی۔
سرکاری ریکارڈ کے مطابق 5,261 کنال زرعی زمین صرف 131.5 ملین روپے میں خریدی گئی۔ لیکن دو چالانوں کے ذریعے صرف چند لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے جبکہ حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہوا تھا۔
محکمہ اینٹی کرپشن نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے رات گئے ریونیو آفس پر چھاپہ مارا، ڈیرہ غازی خان کے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن نے اسسٹنٹ کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کلکٹر (ریونیو)، تحصیلدار اور دیگر افسران کے ہمراہ، ریکارڈ قبضے میں لے کر لاہور منتقل کر دیا ہے۔