پنجاب کے ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی کی مقبولیت سیکورٹی اداروں کے لیے درد سر
ذرائع کے مطابق مرکز اور پنجاب حکومت کو سیکورٹی اداروں کی جانب سے موصول ہونے والی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 18 نشستوں پر پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے۔

پنجاب کے 20 حلقوں میں کل ضمنی انتخابات ہونے جارہے ہیں ، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی حکومت رہے گی یا نہیں اس کا فیصلہ بھی کل رات تک ہو جائے گا ، تاہم سیکورٹی اداروں کی رپورٹ نے پنجاب حکومت اور مرکز میں شہباز شریف کی حکومت میں کھلبلی مچا دی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب کے 20 حلقوں میں ہونے والے انتخابات کے لیے 175 امیدوار میدان میں ہیں ، تاہم اصل مقابلہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ان کی اتحادی جماعتوں کے درمیان ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ضمنی انتخابات سے 3 روز قبل ن لیگی امیدواروں کے خلاف الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر
ملک میں خوشحالی نہ آئے تو مجھے لٹکا دینا، سید خورشید شاہ کا دعویٰ
نیوز 360 کے ذرائع کے مطابق پنجاب کے سیکورٹی اداروں نے متوقع نتائج کے حوالے سے اعدادوشمار ترتیب دیئے ہیں، اور اس حوالے سے کل صبح ایک رپورٹ پنجاب گورنمنٹ اور فیڈرل گورنمنٹ کو دی گئی ہے۔
نیوز 360 کو ذرائع نے بتایا ہے کہ جو رپورٹ سیکورٹی اداروں نے پنجاب اور مرکزی حکومت کر دی گئی ہے اس کے مطابق 18 نشستوں پر پی ٹی آئی کو 70 فیصد ایج حاصل ہے ، جبکہ مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کو 30 فیصد مارجن مل رہا ہے۔
نیوز 360 کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق صرف دو سیٹوں پر مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں کا اپرہینڈ ہے ، ایک لاہور کی ایک نشست ہے اور دوسری ملتان کی ایک سیٹ ہے جہاں پر پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے صاحب زادے زین قریشی سے الیکشن لڑ رہے ہیں ، ان دونوں حلقوں میں ریشو 60 اور 40 فیصد ہے ، 60 فیصد ن لیگ کی کامیابی متوقع ہے جبکہ 40 فصد پی ٹی آئی کو مارجن مل رہا ہے۔
ذرائع نے نیوز 360 کو بتایا ہے کہ اس رپورٹ کے بعد پنجاب حکومت اور مرکز میں کھلبلی مچ گئی ہے ، جس کے بعد پنجاب کے سیکورٹی اداروں کو ٹاسک سونپ دیا گی ہے کہ اب اس فرق کو کس طرح سے مینج کرنا ہے یہ آپ کا کام ہے ، تاکہ نتیجہ ن لیگ کے حق میں آئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب کے حلقہ پی پی 158 پر سب سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں ، یہاں سے 14 امیدوار ایک دوسرے کے مدمقابل ہیں، تاہم اصل مقابلہ مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کے درمیان ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کے دوران 45 لاکھ 96 ہزار 873 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق 20 حلقوں کے لیے 47 لاکھ 30 ہزار 600 بیلٹ پیپرز چھاپے گئے 1 لاکھ 53 ہزار 657 اضافے بیلٹ پیپرز بھی چھپوائے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 20 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے 9 ہزار 528 پولنگ بوتھ قائم کیے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ضمنی انتخابات کے دوران ماحول کو پرامن رکھنے کے لیے چیف سیکریٹری پنجاب ، آئی جی پنجاب اور متعلقہ سیکورٹی کے اداروں کو احکامات جاری کردیئے ہیں۔