دوست مزاری کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب، نئے ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب اتوار کو ہوگا

ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے آج شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے آفس میں جمع ہونگے۔

منحرف رکن پنجاب اسمبلی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ، ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب اتوار کے روز ہوگا.

اسپیکر پنجاب اسمبلی محمد سبطین خان کی صدارت میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا ، اسپیکر نے کہا کہ اجلاس کے ایجنڈے پر اگلا آئیٹم ڈپٹی اسپیکر کے خلاف برطرفی کی قرارداد پیش کیا جانا ہے رولز کے مطابق جو اراکین قرارداد پیش کیے جانے کی اجازت دینا چاہتے ہیں وہ اپنی نشستوں پر کھڑے ہو جائیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان تحریک انصاف کے سبطین خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب

وزیراعظم کے مشیر طارق فاطمی کا دورہ امریکا نجی قرار، واشنگٹن کا اظہار تشویش

بعدازاں اراکین اسمبلی نشستوں پر کھڑے ہوگئے ، جس پر اسپیکر نے اعلان کیا کہ کھڑے ہونے والے اراکین کی تعداد ایوان کی ایک چوتھائی تعداد 93 سے زائد ہے لہذا قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری اسمبلی عنایت اللہ لک نے ایوان کو قرارداد پر رائے شماری کا طریقہ بتاتے ہوئے آگاہ کیا کہ ڈپٹی اسپیکر کی برطرفی کی  قرار داد پر خفیہ رائے شماری ہو گی۔

بعدازاں اسپیکر محمد سبطین خان نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف برطرفی کی قرارداد پر ووٹنگ کروائی۔ اس قرارداد کے پاس ھونے کے لئے کم از کم 186 ووٹ درکار  تھے۔ 186 اراکین نے  قرارداد کے حق میں ووٹ ڈالا اور قرارداد کامیاب ہو گئی۔

جس پر اسپیکر نے ڈپٹی اسپیکر کی برطرفی کا اعلان کیا ۔ بعد ازاں اسپیکر محمد سبطین خان نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے طریقہ کار بیان کیا۔

ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے آج شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے آفس میں جمع ہونگے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال آج شام 5 بج کر 10 پر ہوگی۔

ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 31 جولائی 2022 بروز اتوار ایک بجے دن ہو گا۔ اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر اسپیکر نے اجلاس 31 جولائی 2022 بروز اتوار دن 1 بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا۔

متعلقہ تحاریر