بزرگ صحافی چوہدری غلام حسین 11سال پرانے مقدمے میں گرفتار

چوہدری غلام حسین کو ایف آئی اے نے لاہور سے گرفتار کیا، ملزم پر جعلی دستاویزات کے عوض بینک سے 5 کروڑ 70 لاکھ روپے قرض لینے کا الزام ہے، ترجمان ایف آئی اے: پی ٹی آئی رہنماؤں فواد چوہدری، شہباز گل و دیگر کی مذمت

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لاہور میں کارروائی کرتے ہوئے اے آر وائی نیوز سے وابستہ بزرگ صحافی 75سالہ چوہدری غلام حسین کو 11 سال پرانے مقدمے میں گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق چوہدری غلام حسین کو ایف آئی اے نے لاہور سے گرفتار کر لیا ہے، ان پر جعلی دستاویزات کے عوض بینک سے 5 کروڑ 70 لاکھ روپے قرض لینے کا الزام ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اعظم سواتی خود پر تشدد کرنے والے ایف آئی اے حکام کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئے

پی ٹی آئی کا ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکنے کیلیے  ہائی کورٹ سے رجوع


ایف آئی اے کے ترجمان کےمطابق بزرگ اینکر کو ایف آئی اے لاہور نے حسین چوک کے قریب سےگرفتارکیا ہے، چوہدری غلام حسین کمرشل بینکنگ سرکل کو مطلوب تھے۔

ترجمان کے مطابق ملزم نے جعلی دستاویزات کےعوض بینک سے 5 کروڑ 70 لاکھ روپے کا قرض لیا تھا، مقدمے میں چوہدری غلام حسین کے 2 بیٹے بھی اشتہاری ہیں۔

ایف آی اے کے ترجمان کے مطابق بینکنگ کورٹ نے مقدمے میں ملزم کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری، شہبازگل سمیت تحریک انصاف کے کئی رہنماؤں نے بزرگ صحافی کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔فواد چوہدری نے اپنے مذمتی ٹوئٹ میں لکھا کہ  چوہدری غلام حسین کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں، چوہدری صاحب بزرگ صحافی ہیں، کوئی شرم لحاظ ہونی چاہیے، اس طرح کا جبر پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھا۔

شہباز گل نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ یہ بہت افسوسناک خبر ہے۔ وہ بزرگ ہیں اور ان کی صحت جے مسائل ہیں۔ اللہ ان کو اپنے امان میں رکھے۔ صحافی برادری پر مشکل وقت ہے۔

سینئر صحافی اور اینکر پرسن حامد میر نے اپنے ٹوئٹ  میں لکھا کہ آج ہی ارشد شریف کو دفن کیا گیا ایف آئی اے والے ایک دن انتظار کر لیتے تو کوئی حرج نہیں تھا۔

متعلقہ تحاریر