پنجاب کابینہ میں توسیع، خیال کاسترو نے حلف اٹھا لیا، عمران خان لاعلم رہے

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے میرے علم میں نہیں تھا کہ خیال احمد کاسترو وزیر بن رہے ہیں میں سمجھا تھا کسی محکمے کی سربراہی دی جارہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خیال احمد کاسترو نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ، پنجاب کایبنہ میں توسیع کے معاملے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان لاعلم رہے ، پی ٹی آئی رہنماؤں کے اعتراض پر عمران خان بولے میں تو سمجھا تھا کہ کسی محکمے کی سربراہی دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کابینہ میں توسیع کردی گئی ، گورنر ہاؤس پنجاب میں خیال احمد کاسترو کی حلف اٹھانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے خیال احمد کاسترو سے صوبائی وزیر کا حلف لیا۔

یہ بھی پڑھیے

سائفر آڈیو لیک اسکینڈل: لاہور ہائیکورٹ سے عمران خان کی ایف آئی اے طلبی کے نوٹس معطل

 ایاز صادق کا نوازشریف کی وطن واپسی اور الیکشن کے حوالے سے بڑا اعلان

اس موقع پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے رکن صوبائی اسمبلی خیال احمد کاسترو کے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی خیال احمد کاسترو کو وزارت کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دیتے ہوئے ، نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم امید کرتے ہوئے خیال احمد کاسترو نئی ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھائیں گے۔ وہ بحیثیت صوبائی وزیر عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

دوسری طرف پنجاب کابینہ میں توسیع کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کا اظہار لاعلمی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ قیادت کے اجلاس میں سینئر رہنما نے اعتراض اٹھایا کہ آج کابینہ میں توسیع ہوئی، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے خیال کاسترو کے وزیر بننے پر لاعلمی کا اظہار کیا۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے علم نہیں تھا کہ آپ وزیر بن رہیں ہیں۔ میں تو سمجھا تھا کہ کسی محکمے کی سربراہی دینا ہے۔ چلیں کوئی بات نہیں لیکن آپ کے وزیر بننے سے ہمارے بیانیے کو نقصان پہنچا ہے۔

یاد رہے کہ صوبائی وزراء راجہ بشارت، چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی محمد خان بھٹی، پرنسپل سیکرٹری گورنر نبیل اعوان، سیکرٹریز اور اعلی حکام کی تقریب میں شریک تھے۔

متعلقہ تحاریر