نواز شریف اور چوہدری سالک کی ملاقات: کیا پنجاب میں حکومت تبدیل ہونے جارہی ہے؟

چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے میاں نواز شریف سے ملاقات میں والد صاحب کا خصوصی پیغام پہنچایا ہے ، نہیں لگتا کہ پنجاب اسملبی تحلیل کی جائے گی۔

لندن: مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ چوہدری شجاعت حسین کا پیغام بھی پہنچایا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے ایسا لگتا ہے کہ اس ملاقات کے بعد پنجاب میں نمبر گیم تبدیل ہونے جارہی ہے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات میں ماضی اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں کیا ہورہا ہے سب جانتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

گجرات کے چوہدری متحد، منیزے جہانگیر کا سلمان شہباز کے وزیراعلیٰ بننے کا دعویٰ

اگلے چند روز میں پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں گی، شاہ محمود قریشی

انہوں نے کہا کہ ان کے والد چوہدری شجاعت حسین نے نواز شریف کو سلام بھیجا اور ان کی خیریت دریافت کی ہے۔ انہوں نے اپنے والد کا ایک اہم پیغام بھی نواز شریف کو پہنچایا۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ مونس الٰہیٰ نے حکومت میں جانے سے پہلے چوہدری شجاعت کو اعتماد میں نہیں لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مونس الٰہی جب چاہیں مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں، مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

وفاقی وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ کا مزید کہنا تھا کہ پچھلی حکومت نے جاتے ہوئے CPEC اتھارٹی ختم کر دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہم صرف ملک کی بہتری چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا گفتگو میں میاں نواز شریف نے وطن واپسی کی کوئی حتمی تاریخ نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں میں سمجھتا ہوں ابھی صوبائی اسمبلیاں تحلیل نہیں ہوں گی اور چوہدری پرویز الہیٰ ابھی اسمبلی تحلیل کرنے کا کوئی ارادہ بھی نہیں رکھتے۔

مسلم لیگ ق کے رہنما کا کہنا تھا کہ آئندہ ایکشن میں پارٹی کی قیادت چوہدری شجاعت حسین کریں گے۔

اس سے قبل نواز شریف سے ملاقات کے لیے چوہدری سالک حسین ، حسن نواز کے دفتر پہنچے تھے جنہوں نے ان کا دروازے پر استقبال کیا۔

ایک روز قبل وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کے پاکستان واپسی کے استقبال کے لیے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں اور پنجاب کے عوام ان کے استقبال کے لیے تیار ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی پنجاب میں الیکشن کے نتائج کا فیصلہ کرے گی اور تحریک انصاف کو شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ تحاریر