سندھ اسمبلی میں ایک ہی خاندان کے 5افراد کو گریڈ 20میں بھرتی کیے جانے کا انکشاف
اسپیکر سراج درانی نے عدالت میں رپورٹ جمع کراکے بھانڈہ پھوڑنے والے افسر کو عہدے سے ہٹادیا، سندھ ہائیکورٹ کا معاملے پر حیرانی کا اظہار، یہ کیا بات ہوئی پورے خاندان کو سندھ اسمبلی میں بٹھا دیا گیا ہے، جسٹس اقبال کلہوڑو، ملازمین کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا
سندھ اسمبلی میں سیکریٹری سمیت 20گریڈ کی 5اہم اسامیوں پر ایک خاندان کے 5 افراد کو بھرتی کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی ایک ہی جگہ گریڈ 20میں بھرتیوں پر حیرانی کا اظہار کیا ہے اور ملازمین کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 15فروری تک ملتوی کردی ۔جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیا بات ہوئی پورے خاندان کو سندھ اسمبلی میں بٹھا دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ذوالفقار جونیئر کا بحریہ ٹاؤن اور ملیر ایکسپریس وے کی تعمیر فوری روکنے کا مطالبہ
کراچی کی زینب مارکیٹ میں اصل معیار بتاکر جینز فروخت کرنے والے تاجر کا چرچا
سندھ ہائیکورٹ میں سندھ اسمبلی میں سیکریٹری سمیت ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی گریڈ 20 میں تقرریوں کیخلاف درخواست پر سمات ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سندھ اسمبلی کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد خان رند نے عدالت میں رپورٹ جمع کرادی ہے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے حقائق پر مبنی رپورٹ جمع کرانے پر محمد خان رند کو عہدے سے ہٹادیا۔
ایڈیشنل سیکریٹری نے رپورٹ میں بھرتیوں کو خلاف ضابطہ قرار دیا تھا۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ محمد خان نے اجازت کے بغیر عدالت میں جواب جمع کرایا۔ ہمیں جواب جمع کرانے کے لئے مہلت دی جائے۔
ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی تقرری پر عدالت بھی حیران ہوگئی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیا بات ہوئی پورے خاندان کو سندھ اسمبلی میں بٹھا دیا گیا ہے۔ ایک ہی خاندان کے 5 لوگوں کو 20 گریڈ میں بھرتی کردیا گیا ہے۔
جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہاں لوگوں کو آسانی سے نائب قاصد کی نوکری نہیں ملتی۔ کبھی سنا ہے آپ نے کے ایک ہی خاندان کے 5 لوگوں کو ایک ہی جگہ بھرتی کیا گیا ہو؟ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہم آپ کو آخری موقع دے رہے ہیں، آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائیں۔ جواب جمع نہیں کرایا گیا تو قانون کے مطابق کارروائی کریں گے۔
عدالت نے سندھ اسمبلی میں ملازمین کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست کی سماعت 15فروری تک ملتوی کردی۔