سکھر ہمارا شہر ہے ہم سب نے ملکر اس کے مسائل حل کرنے ہیں، غلام مصطفیٰ
کمشنر سکھر کا کہنا ہے کہ ہم سب مل کر ہی اپنا اپنا کردار ادا کرینگے تو شہرترقی کریگا ۔ اس حوالے سے تاجر برادری اپنے مسائل تحریری طور پر ارسال کریں تاکہ ان کے مسائل بہتر انداز سے حل کرائے جاسکیں۔
کمشنر سکھر ڈویژن غلام مصطفیٰ پھل نے کہا ہے کہ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کے مسائل بہت زیادہ ہیں جن کی حل کیلئے مشترکہ جدوجہد کی ضرورت ہے، آج سکھر شہر کا دورہ کر کے تاجروں سے ملاقاتیں کرنے کا مقصد ان کے مسائل معلوم کر کے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے، تاجر برادری ملکی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کے ہمراہ شہر کے تجارتی مراکز کے دورہ کے بعد تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے رہنماﺅں سے گفتگو کے دوران کیا۔
یہ بھی پڑھیے
نورجہاں کی موت کا مقدمہ ایڈمنسٹریٹر کراچی پر درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
سکھر میں انڈین لڑکا اور پاکستانی لڑکی شادی کے بندھن میں بندھ گئے
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عیسیٰ خان سکھر اسمال ٹریڈرز کے رہنما حاجی غلام شبیر بھٹو، بابو فاروقی، محمد منیر میمن، محمد کاشف شمسی، عبدالباری انصاری، محمد رضوان قادری، جاوید میمن،ذاکر خان، ڈاکٹر سعید اعوان، شعیب میمن، ذاکر بندھانی، محمد حنیف، سعید احمد، عتیق اللہ سومرو، محمد عرفان، راشد صدیقی، امداد جھنڈیر، نوید خان، محمد فیضان، محمد اکرم، افضل بندھانی، محمد رفیق، کیلاش، صداقت خان، شاہد بھٹو، خالد، خوشی،شکیل بندھانی،خالد سومرو، محمد جاوید، محمد آصف سمیت و دیگر بھی موجود تھے۔
تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر پہنچنے پر حاجی محمد جاوید میمن کی جانب سے کمشنر سکھر کا والہانہ پرپتاک استقبال کیا گیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیں۔
اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن نے کمشنر سکھر کو تاجروں کے درپیش مسائل سے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کا تیسرا بڑا شہر سندھ بلوچستان کا تجارتی حب ہے۔ یہاں پر پارکنگ ایریا نہ ہونے کی وجہ سے ٹریفک جام ، صفائی ستھرائی، نکاسی نظام کے مسائل کی وجہ سے تجارتی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ جن کے حل کیلئے فوری طور پر شہر کے وسط میں پارکنگ ایریا کے قیام ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، تجارتی مراکز اور رہائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی اور نکاسی نظام کی درستگی کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ جس کیلئے سکھر اسمال ٹریڈرز ہر ممکن تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔
اس موقع پر کمشنر سکھر نے تاجر برادری کو یقین دہانی کرائی کہ وہ تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شہر ہمارا ہے اور ہم سب مل کر ہی اپنا اپنا کردار ادا کرینگے تو شہرترقی کریگا ۔ اس حوالے سے تاجر برادری اپنے مسائل تحریری طور پر ارسال کریں تاکہ ان کے مسائل بہتر انداز سے حل کرائے جاسکیں۔
کمشنر سکھر کا کہنا تھا کہ ان کے مسائل حل کر کے انہیں سہولیات فراہم کرنا اداروں کا فرض ہے۔ شہر میں پارکنگ ایریا کے قیام، صحت و صفائی کی بہتری، نکاسی نظام کی درستگی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے دن رات کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تاجر برادری اپنے مسائل تحریری طور پر ارسال کریں تاکہ متعلقہ محکموں اور تاجر برادری کی مشاورت سے بہتر انداز سے مسائل کو حل کرایا جاسکے۔









