سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کا حکومت سے معیشت کی بحالی کیلئے دیرپا معاشی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ
چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے شاہی اخراجات کا خاتمہ کر کے سیاسی رسہ کشی کو چھوڑ کر ملکی مفاد میں کام کریں۔
سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ ملک میں غربت مہنگائی، بیروزگاری کے باعث غریب افراد کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب افراد کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے ہیں، روزگار کی تلاش میں بیرون ملک جانیوالے پاکستانیوں کی کشتی کو حادثہ کے نتیجے میں سینکڑوں افراد کا جاںبحق ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ حکومت فوری طور پر ملک سے غربت، مہنگائی، بیروزگاری کے خاتمے کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی جانب سے یونان کشتی ڈوبنے کے افسوسناک واقعہ پر جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی پر منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں ایس ڈی اے رہنماﺅں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیے
مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے بعد کراچی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی
سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے خلاف سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کی زیرقیادت احتجاجی ریلی کا انعقاد
اجلاس میں کشتی ڈوبنے سے جاں بحق افراد کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور ان کے درجات بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔
تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنماﺅں کا مزید کہنا تھا کہ ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے، آئے روز کی اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں اضافے نے غریب افراد کا گزر اوقات مشکل سے مشکل تر بنا دیا ہے۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ صنعت و تجارت اور کارباری سرگرمیاں مفلوج ہونے سے بیروزگاری میں بھی بڑے پیمانے پر اضافہ ہوا ہے، لوگ روزگار کی تلاش کیلئے در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، مجبوری کی حالت میں اپنے بچوں کے پیٹ کی آگ بجھانے کی خاطر انتہائی اقدامات اٹھاتے ہوئے بیرون ملک روزگار کی تلاش میں جانیوالے پاکستانیوں کی کشتی ڈوبنے سے سینکڑوں افراد کا جاں بحق افسوسناک اور حکمرانوں کیلئے سوچنا کا مقام ہے۔
سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے شاہی اخراجات کا خاتمہ کر کے سیاسی رسہ کشی کو چھوڑ کر ملک سے غربت ، مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائیں تاکہ آئندہ اس طرح کے دلخراش واقعات رونما نہ ہوسکیں۔