ایم کیو ایم کے رعنا انصار سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہوگئیں

ووٹنگ کے دوران انہوں نے اپوزیشن کے 69 ارکان سے 39 ارکان کی حمایت حاصل کی۔

متحدہ قومی موومنٹ – پاکستان (ایم کیو ایم-پی) کی ایم پی اے رعنا انصار سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف منتخب ہوگئیں، انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حلیم عادل شیخ کی جگہ لی۔

رعنا انصار کو اپوزیشن کے 69 ارکان سے 39 ووٹ ملے جن میں ایم کیو ایم پی کے 20، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے 10 ارکان اور پی ٹی آئی کے 9 ووٹ شامل تھے۔

نئی اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی میں اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون رکن ہیں۔ انہوں نے حمایت پر پارٹی اور اسمبلی اسپیکر کا شکریہ ادا کیا۔

رعنا انصار نے کہا کہ وہ سندھ کے عوام کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان سے نمٹنے کے لیے کام کریں گی۔

یہ بھی پڑھیے 

سکھر انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن برساتی پانی میں ڈوب گیا

پاکستان سنی تحریک سکھر کی کال پر سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ نئے نگراں وزیر اعلیٰ کی ہموار منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ گذشتہ دنوں ایم کیو ایم پی نے ایوان میں اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی کے لیے صوبائی اسمبلی میں درخواست جمع کرائی تھی اور رعنا انصار کو عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔

ایم کیو ایم پی کے اراکین اسمبلی نے اراکین اسمبلی کے دستخط حاصل کرنے کے بعد اپنا کاغذات نامزدگی سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا تھا۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کے اپوزیشن لیڈر اور دیگر قانون ساز بھی صوبائی اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کررہے ہیں، جس کی وجہ سے متحدہ نے رعنا انصار کو قائد حزب اختلاف بنایا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا ک نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا فیصلہ قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر ملکر کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پی کو رعنا انصار پر مکمل اعتماد ہے جو پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بھی ہیں۔

متعلقہ تحاریر