سکھر کیٹل کالونی میں ترقیاتی کاموں میں مبینہ کرپشن کے خلاف باڑا مالکان کا احتجاجی مظاہرہ

باڑا مالکان کا کہنا ہے کہ کالونی کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، نکاسی آب کا نظام تباہ حال ہے ، ایسا لگتا ہے کالونی کا ترقیاتی فنڈز کرپشن کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔

سکھر کی کیٹل کالونی میں ترقیاتی کاموں میں مبینہ کرپشن اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے خلاف باڑا مالکان سراپا احتجاج ، ملوث ٹھیکیدار و افسران کے خلاف نعرے بازی ، بالا حکام سے نوٹس لیکر کالونی کے ترقیاتی کام مکمل کرانے سمیت کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سکھر کیٹل کالونی اینڈ ڈیری فارم ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کیٹل کالونی باڑا مالکان کی کثیر تعداد نے حاجی وزیر علی مہر ،محمد حنیف ،عبدالرحیم مہر ،اللہ وادایو مہر ، اویل جتوئی، ادلو خروس و دیگر کی قیادت می احتجاجی مظاہرہ کیا اور شدید نعرے بازی کی۔

یہ بھی پڑھیے 

ایم کیو ایم کے رعنا انصار سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر منتخب ہوگئیں

سکھر انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے ریلوے اسٹیشن برساتی پانی میں ڈوب گیا

مظاہرے سے خطاب کے دوران مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ دو سال قبل کیٹل کالونی کے ترقیاتی کام ، جس میں سڑکیں ، ڈسپوزل ، تالاب ، نکاسی و فراہمی آب کا منصوبہ شامل تھا ، اس کیلئے بلدیہ اعلیٰ سکھر نے 20 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا اور جلد کام مکمل کرنے کیلئے ٹھیکیدار کو 17 کروڑ روپے سے زائد رقم ادا بھی کردی ہے لیکن افسوس اتنی بڑی رقم ادائیگی کے بعد بھی باڑا مالکان پریشان حال زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔

باڑا مالکان کا کہنا تھا کہ کالونی کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے ، نکاسی آب کا نظام تباہ حال ہے ، باڑوں میں گندہ پانی جمع رہتا ہے ، تالاب ٹوٹ چکے ہیں ، ڈسپوزل تعمیر نہیں ہوسکا ہے ایسا لگتا ہے کالونی کا ترقیاتی فنڈز کرپشن کی بھینٹ چڑھ گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا صرف بالا حکام و سکھر کے منتخب نمائندگان سے اتنا ہی مطالبہ ہے کہ کیٹل کالونی کے ترقیاتی فنڈ میں ہونی والی کرپشن کا فوری نوٹس لیکر ملوث سرکاری افسران ، ٹھیکیدار و دیگر افراد کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائے اور کیٹل کالونی سمیت باڑا مالکان کو بنیادی و بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائیگا، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ محکموں پر عائد ہوگی۔

متعلقہ تحاریر