سکھر بورڈ میں انٹر کے امتحانات، انتظامیہ نقل مافیا کو روکنے میں مکمل ناکام

انتظامیہ کی نااہلی کے باعث امتحانی مراکز میں موبائل فونز کا کھلے عام استعمال کیا جارہا ہے

سکھر تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام فرسٹ ایئر اور سکینڈایئر کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث  امتحانی مراکز میں موبائل فونز کا کھلے عام استعمال کیا جارہا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈ سکھر کے زیرانتظام گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات جاری ہیں۔اس سلسلے میں سکھر ،خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کے 103 امتحانی مراکز میں فرسٹ ایئر اور انٹر کے 62 ہزار سے زائد طلباء و طالبات امتحانات دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

صدر انجمن ترقی اردو کی ڈاکٹر اطہر عطا کو  جامعہ اردو کا وائس چانسلر بننے پر مبارکباد

امتحانی مراکز میں آج فرسٹ ایئر کا باٹنی اور انٹر کے فزکس کے پرچے لیے گئے ۔ امتحانات کے دوران طالب علم امتحانی مراکز میں موبائل فونز کا کھلے عام استعمال  کرتے رہے ۔

تعلیمی بورڈ کی جانب سے نقل کے تدارک کے بنائی گئی  ٹیمیں  صرف چند امتحانی مراکز تک ہی محدود ہیں جبکہ  تمام امتحانی مراکز میں نقل مافیا پوری طرح سرگرم ہے اور  طالب علموں کو موبائل فونز اور دیگر زرائع سے نقل کروائی جا رہی ہے ۔

واضح رہے کہ  تعلیمی بورڈ سکھر کے زیر انتظام فرسٹ ایئر اور انٹر کے امتحانات  10 جون سے شروع ہوئے ہیں جن کے لیے سکھر،خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں 103 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

امتحانات کے دوران نقل مافیا کو لگام دینے کے لیے 21 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں تاہم دوران امتحان چھاپہ مار ٹیم نقل مافیا کو لگام دینے میں مکمل ناکام نظر آرہی ہیں۔

متعلقہ تحاریر