کراچی کے 530 عمارتیں رہائش کے لیے انتہائی خطرناک قرار

ایس بی سی اے کے حکام کا کہنا ہے عمارتوں کی مخدوشیت کو دیکھتے ہوئے مکینوں کو انتباہی نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی بڑے نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کراچی کی 530 عمارتوں سمیت صوبے کی ساڑھے 6 سو سے زائد عمارتوں کو رہائش کے خطرناک قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے ایک مرتبہ پھر عمارتوں کو مخدوش قرار دیتے ہوئے رہائشیوں کو عمارتیں خالی کرنے کے لئے ایک بار پھر انتباہی نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

سکھر جیل میں سرچ آپریشن، قیدیوں سے موبائل فونز  اور ممنوعہ سامان برآمد

چین سے مزید 100 بسوں کی آمد، یکم جولائی سے کراچی کی سڑکوں پر نظر آئیں گی

ایس بی سی اے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کراچی سمیت دیگر شہروں کے مکینوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جہاں کہیں بھی گنجان آباد علاقوں میں بوسیدہ کا مخدوش عمارت دیکھیں اس کی اطلاع فوری پر ادارے کو دیں۔

واضح رہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ماہر انجینیئرز اور ٹیکنیکل کمیٹی پر مشتمل اسٹاف اب تک کراچی کی 530 عمارتوں کو ناقابل رہائش قرار دے چکے ہیں جبکہ صوبے بھر میں 681 عمارتوں کو تباہ حال قرار دے چکے ہیں۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ عمارتوں کے رہائشی فوری طور پر ان کو خالی کردیں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے محفوظ رہا جاسکے۔ عمارتوں کا بنیادی اسٹرکچر خطرناک حد تک ناقابل استعمال ہے۔

ایس بی سی اے کے حکام کا کہنا ہے عمارتوں کی مخدوشیت کو دیکھتے ہوئے مکینوں کو انتباہی نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں، اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے۔

ایچ بی سی اے کا عمارتوں کو خالی کرانے کا مقصد قیمتی انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ، کیوں کہ بارشوں کی وجہ سے ان مخدوش عمارتوں کے اچانک زمین بوس ہونے کئی گنا زیادہ نقصانات کا احتمال ہے۔

متعلقہ تحاریر