آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین کا اپنا مطالبات کے حق میں مظاہرہ
ورکرز یونین کے رہنماؤں کا کہنا ہے اگر حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ کار سارے ملک تک پھیلا دیں گے۔
سکھر: آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکڑک ورکرز یونین سکھر کے زیر اہتمام ملازمین کی کثیر تعداد نے واپڈا کی ممکنہ نجکاری ، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی ، ملازمین کی تنخواہ میں اضافے سمیت دیگر حقوق کیلئے سکھر پریس کلب کے سامنے (یوم مطالبات )احتجاجی دھرنا دیا اور مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی۔
دھرنے و جلوس کی قیادت سید زاہد حسین شاہ ، شجاعت علی گھمرو ، ڈاڈا دیدار حسین ، بابو نظیر احمد ، نذر محمد میمن ، دریا خان ، عبدالخالق ساوند ، اشفاق مہر ، خلیل احمد ڈومکی ، غلام حسین پھلپوٹو ، عابد کھوسو ، ہدایات کورائی ، کامران عقیل احمد دایو ، جاوید عباسی ، غلام مصطفی اعوان و دیگر نے کی۔
یہ بھی پڑھیے
دعا زہرہ کیس میں ظہیر احمد پر اغواء اور حبس بےجا کا مقدمہ بنتا ہے، وکیل جبران ناصر
بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی، جے یو آئی (ف) کا پیپلزپارٹی اور الیکشن کمیشن کے خلاف مظاہرہ
اس موقع پر مقررین نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر حکومت وقت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کے سابق حکومتوں کی نااہی کی وجہ سے پورا ملک آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے۔ قومی اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے۔ ریٹائرڈ ملازمین ابتک پینشن سے محروم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے اشیاء خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہے ، عوام شدید پریشان ہیں۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی بے روزگاری کی وجہ سے لوگ خودکشی کررہے ہیں جو حکومت کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
مقررین نے کہا کہ ملازمین کے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کے ملک میں بے روزگاری اور بے چینی کی صورتحال ختم کی جائے اور ہمارے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں ، بصورت اگر ملازمین کے جائز مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملک بھر کے محنت کش اپنے حقوق کیلئے احتجاج کا دائرہ بڑھا دیں گے۔









