سکھر شہر کے متعدد واٹر فلٹر پلانٹس کچراکنڈی بن گئے، شہری صاف پانی کی بوند بوند کو ترس گئے

فلٹر پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے ضلع بھر میں منرل واٹر کا کاروبار عروج پر ہے اور بڑی تعداد میں لوگ مجبوراً منرل واٹر کا استعمال کررہے ہیں۔

سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں درجنوں واٹر فلٹر پلانٹس بند، عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہوگئے، انتظامیہ کی عدم توجہی کی وجہ سے واٹر فلٹرز کے باہر گندگی کے ڈھیر جمع ، عوامی و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر ، حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ضلع سکھر کی 22 لاکھ آبادی آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم دکھائی دے رہی ہے۔

سکھر انتظامیہ بلخصوص محکمہ پبلک ہیلتھ و دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے سکھر کے شہریوں کو پینے کا جو پانی دریائے سندھ سے واٹر ورکس کے ذریعے فراہم کیا جارہا ہے وہ انتہائی آلودہ ، بدبودار اور صحت کے لئے انتہائی مضر ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کراچی کی زمینوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث ملزمان کی ضمانتیں مسترد

پی پی رہنما منظور وسان کی بے حسی، سیلاب میں ڈوبے علاقے کو اٹلی کا وینس کہہ دیا

پانی کے استعمال کرنے سے گیسٹرو سمیت پیٹ کی دیگر بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔

دوسری جانب سکھر شہر سمیت ضلع بھر میں لگائے گئے درجنوں واٹر فلٹر پلانٹس ناکارہ اور بند پڑے ہیں۔

سابق بلدیاتی دور اور بعد ازیں بلدیاتی انتخابات سے قبل سکھر کے سابق مئیر ارسلان شیخ کی کوششوں اور سندھ حکومت کے خصوصی فنڈ اور انتظامیہ کے تعاون سے یہ فلٹر پلانٹس دوبارہ قابل استعمال بنائے گئے تھے، لیکن انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث یہ واٹر فلٹر پلانٹس مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہیں۔

انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ سابقہ ضلعی حکومت کے دور میں تعمیر کئے گئے یہ فلٹر پلانٹس کچھ عرصہ چلنے کے بعد ہی خراب ہوگئے تھے جن کی درستی کے لئے کئی سال گزر جانے کے باوجود کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔

اب بند فلٹر پلانٹوں کے باہر گندگی کے پڑے ڈھیروں نے کچہرہ کنڈی کی شکل اختیار کرلی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ان واٹر فلٹر پلانٹس کے باہر گندگی کے ڈھیر جمع ہیں، فلٹر پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے ضلع بھر میں منرل واٹر کا کاروبار عروج پر ہے اور بڑی تعداد میں لوگ مجبوراً منرل واٹر کا استعمال کررہے ہیں۔

دوسری جانب غریب شہری آلودہ پانی پینے پر مجبور ہے، شہری حلقوں نے منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنانے کیلئے بند فلٹر پلانٹس دوبارہ چلائے جائیں تاکہ شہریوں کی زندگی کو محفوظ و صحت مند بنایا جاسکے۔

متعلقہ تحاریر