میرپور ماتھیلو: احساس کفالت پروگرام کے دفتر کا پلستر گر گیا، تین خواتین زخمی

پلستر گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس پر صارف سندھ حکومت کی ایمانداری پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

اندرون سندھ کے علاقے میرپور ماتھیلو میں قائم احساس کفالت پروگرام کے دفتر کی چھت کا پلستر گرنے سے کئی خواتین زخمی ہوگئی ہیں۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے سندھ حکومت کی ایمانداری پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو میں قائم احساس کفالت پروگرام کے دفتر کی چھت کا اندرونی پلستر گر جب خواتین کی بڑی تعداد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رقم حاصل کرنے کے لیے جمع ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے

سندھ میں تباہی: قائم علی شاہ کے صاحبزادے نے اپنی حکومت کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے

سکھر کے تاجروں کا بڑااعلان، سیلاب سے تباہ 100 گھر دوبارہ تعمیر کیے جائیں گے

چھت گرنے سے عملے اور خواتین میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ، ریسکیو ٹیموں نے زخمی ہونے والی خواتین کو اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

واقعے کے بعد احساس کفالت پروگرام کا عملہ آفس بند کرے واپس روانہ ہو گیا اور خواتین بھی پیسے لینے کے بجائے گھروں کو روانہ ہو گئیں۔

میرپور ماتھیلو میں احساس کفالت پروگرام کی عمارت کا پلستر گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے اور سندھ حکومت پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

ایک صارف نے کہا ہے کہ جب "کمیشن در کمیشن کام ہوگا تو ایسا ہی مال لگے گا۔”

ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے کہ "کم از کم اپنے دفتروں کی تعمیر تو دیانت داری سے کرلیتے ، منحوس راشی لوگ۔”

ایک پی ٹی آئی سپورٹر نے لکھا ہے کہ "شکر کریں چھت نہیں گری۔”

متعلقہ تحاریر