سہون میں وین کھائی میں گرنے سے 10 بچوں سمیت 20 جاں بحق

پولیس حکام کے مطابق وین 33 مسافروں کو لے کر خیرپور سے سندھ کے شہر سہون شریف صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے مزار پر جا رہی تھی۔

جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سندھ کے ضلع سہون کے قریب انڈس ہائی وے پر ایک وین کھائی میں گرنے سے 8 خواتین اور 10 بچوں سمیت 20 افراد جاں بحق ہوگئے۔

حادثہ سہون ٹول پلازہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب وین کھائی میں گر گئی ، کھائی سیلابی پانی نکالنے کے لیے کھودی گئی تھی اور 2 ماہ گزرنے کے باوجود اسے بھرا نہیں گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

پنجاب حکومت کا احسن اقدام ، 55 ہزار سیلاب متاثرین میں امدادی چیکس کی تقسیم کا اجراء

کینیڈا فنڈز کے تعاون سے لورالائی میں معذور افراد کو ویل چیئرز فراہم کردی گئیں

وین خیرپور میراس سے سہون میں صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے مزار کی طرف جارہی تھی۔

مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں میں سفر کرنے دیگر مسافروں نے رضاکارانہ طور پر پولیس اور امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے پہلے ہی لاشوں کو پانی سے نکالا۔

بعدازاں ریسکیو ٹیموں نے کھائی میں گرنے والی گاڑی کو کرین کے ذریعے پانی سے باہر نکال تھا۔

جامشورو کے ضلع سیہون میں عبداللہ شاہ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے ایک ڈیوٹی ڈاکٹر نے تصدیق کی ہے کہ 18 لاشیں اور ایک زخمی شخص کو لایا گیا تھا جسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔

ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں 18 لاشیں ملی ہیں جن میں 8 خواتین ، 8 بچے اور 4 مرد شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ابھی تک مرنے والوں کے ناموں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

ڈپٹی کمشنر جامشورو کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفی کے مطابق مسافر وین میں 33 افراد سوار تھے جب کہ 13 کو بچا لیا گیا ہے۔

ریسکیو اہلکار کے مطابق دو زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لاشوں کو عبداللہ شاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دریں اثناء سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے افسوسناک واقعہ پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی ہیں جہاں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار پہلے ہی سے موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ سہون کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

متعلقہ تحاریر