جنگ گروپ کے ملازمین کا 3 ماہ سے تنخواہ نہ ملنے اور بونس کی کٹوتی پر احتجاج

صحافی مزدور ایکشن کمیٹی کا کراچی میں جنگ بلڈنگ کے سامنے مظاہرہ، تنخواہوں اور طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اور بونس کی کٹوتی کیخلاف نعرے، ماہانہ ایک ارب روپے سے زیادہ کمانے والے ادارے کا اپنے ملازمین کیساتھ یہ رویہ نہ صرف لیبر قوانین بلکہ انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے، مقررین

جنگ گروپ کے اداروں روزنامہ جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس میں  تنخواہوں کی عدم ادائیگی، طبی سہولتوں کی عدم فراہمی اوربونس بند کیے جانے کے خلاف کراچی میں صحافی مزدور ایکشن کمیٹی  کے تحت جنگ بلڈنگ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں کراچی کے صحافیوں اور اخباری صنعت سے وابستہ مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیے

سینئرصحافی روزنامہ جنگ کے ایڈیٹر مدثر مرزا اپنے گھر میں مردہ پائے گئے

جنرل (ر) باجوہ کی ٹیکس تفصیلات لیک کرنے معاملہ: گرفتار صحافی شاہد اسلم کی ضمانت منظور

اس موقع پر مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔اس موقع پر  مظاہرین نے   جنگ، دی نیوز اور جاوید پریس کی انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی اور تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔

کراچی یونین آف جرنلسٹ کے جنرل سیکریٹری اور جیو نیوز کراچی کے بیورو چیف فہیم صدیقی نے کہاکہ ہمیں یہ مت بتاؤ کہ فنڈز نہیں ہیں کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ادارے نے ملازمین کے بونس بند کررکھے ہیں۔

اس موقع پر مقررین نے کہاکہ ماہانہ ایک ارب روپے سے زیادہ کمانے والے ادارے کا اپنے ملازمین کو تنخواہوں اور دیگرمراعات سے محروم کرنا نہ صرف لیبر قوانین بلکہ انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔

مقررین نے کہاکہ ملک میں آزادی اظہار رائے ، آزادی صحافت اور جمہوریت کی بالادستی کی بات کرنے والے اس ادارے کا یہ رویہ اس کی دہری پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کاکہناتھاکہ جنگ گروپ میں ملازمین کو تنخواہیں بھی نہ صرف وقت پر ملنی چاہئیں بلکہ بونسز اور دیگر مراعات بھی ان کا حق ہے۔

صحافی مزدور ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ یہ ٹوکن احتجاجی مظاہرہ تھا ، اگر جنگ گروپ کی انتظامیہ کے رویے میں تبدیلی نہیں آئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیا جائے گا۔

مظاہرے سے پائلر کے کرامت علی، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ ( پی ایف یو جے) کے سابق سیکریٹری جنرل مظہر عباس،ایپنک کے عبیداللہ،پاکستان اسٹیل ملز کے مزدور رہنما مرزا مقصود،ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن کی جنرل سیکریٹری زہرہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ تحاریر