مہنگائی پر قابو پانا صوبوں کی ذمہ داری ہے، مریم نواز نے وزیراعظم کو کلین چٹ دے دی
مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر کا کہنا ہے کہ آج ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں ، آئی ایم ایف معاہدے کی شرائط بہت کڑی ہیں ، ہماری مجبوری ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑیں گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ اس ملک کو بیرونی طور پر کوئی خطرہ نہیں، اس ملک کو اگر خطرہ ہے تو وہ آپس کے اختلافات سے ہے، جب تک ملک میں سیاسی استحکام نہیں آئے گا یہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔
مریم نواز نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف صاحب کی حکومت وفاق میں ہے، پنجاب ، خیبر پختونخوا حکومت چند دن پہلے تک عمران خان کے پاس تھی، مجھے سمجھ نہیں آتی مہنگائی کا ذمہ دار صرف شہبازشریف کیوں ہے؟ ، عمران خان کو ترقی کرتا پاکستان ملا تھا ، جس کو تباہ کر دیا گیا، شہباز شریف دن رات کام کر رہے ہیں ، یہ پچھلی حکومت کی نااہلی ہے لیکن وعدہ کر رہے ہیں کہ حالات کو بہتر کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
ایم کیو ایم کا 12 فرور ی بلدیاتی انتخابات کیخلاف فوارہ چوک میں دھرنے کا اعلان
سرحدوں پر باڑ لگانے کے بعد دہشتگرد کیسے واپس آئے، مراد سعید
وزیراعظم شہباز شریف کو مہنگائی کے حوالے سے کلین چٹ دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر قابو پانا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف معاہدے کی شرائط بہت کڑی ہیں، عمران خان نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا اور جاتے جاتے آئی ایم ایف معاہدے کو پھاڑ کر پھینک گئے ، 2016 میں نواز شریف نے آئی ایم ایف پروگرام کو خدا حافظ کہہ دیا تھا، آئی ایم ایف کہتا ہے پہلے قیمتیں بڑھائیں پھر قرض ملے گا ہماری مجبوری ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑیں گی۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے گزشتہ حکومت پر تنقید کرتے ہو ئے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈ صاف شفاف کیس ہے مگر ابھی تک احتساب نہیں ہو سکا، یہ نہیں ہو سکتا کہ عمران خان جرائم کریں اور اُن کو چھوڑ دیا جائے۔
مریم نواز نے عمران خان کی جیل بھرو تحریک پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتظار کررہے ہیں، اپنی آنکھیں اور نظریں بچھا کر بیٹھیں ہیں آپ کو بھی پتہ چلے جیل کیا ہوتی ہے؟ جیل بھرو تحریک کی شروعات زمان پارک سے کریں، فرنٹ لائن پر انہوں نے خواتین کو رکھا ہوا ہے، خود سامنے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم انصاف کا معیار دیکھیں گے، ان کو تو ابھی تک ہاتھ ہی نہیں لگے کسی نے انگلی تک نہیں لگائی، رانا ثناء اللہ 6 ماہ جعلی مقدمے میں قید بھگت کر آئے، یہ 2 دن کی قید میں پولیس والوں کے گلے لگ کر رونے لگے۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو 2017 میں ایک اقامہ پر نکالا گیا، پانامہ کیس میں ہفتہ میں پانچ دن پیشی پر ہوتے تھے، ایک دن میں دو دو بار عدالت جاتے، دوسری طرف اقامہ نہیں ہیرے اور فارن فنڈنگ ہے، ناجائز پیسے کے ثبوت بھرے پڑے ہیں، آج بدنام زمانہ کیس میں بھی وہ عدالت نہیں آتے، ایسی سہولت کیا نواز شریف کو تھی، کیا یہ سہولت مریم کو تھی، سب جانتے ہیں کیسز جھوٹے تھے ہمارے ساتھ انتقام لیا گیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے سارے منصوبے نواز شریف اور شہباز شریف کے دور حکومت کے ہیں ، پورے جنوبی پنجاب سے ن لیگ الیکشن جیتے گی، عوام کی ڈیمانڈ کو مسلم لیگ ن ہی پورا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ ڈرامہ الیکشن دن تک تھا، وعدے کبھی وفا نہیں ہوئے، ہم جھوٹے وعدے نہیں کریں گے اور جھوٹی تسلیاں نہیں دیں گے، جو وعدے کریں گے وفا کریں گے۔