شکست کے خوف میں مبتلا حکمران انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں، عمران خان
چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے ، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نااہل حکمران ٹولہ الیکشن سے خوفزدہ ہوکر انتقامی کارروائیوں پر اتر آیا ہے ، جبکہ مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چوہدری پرویز الہیٰ نے آج کے سیاسی فرعونوں کے خلاف قوم نے خوف کے بت توڑ دیئے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے لاہور میں زمان پارک میں چیئرمین تحریک انصاف کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے
ڈاکٹر یاسمین راشد اور غلام محمود ڈوگر کی آڈیو لیک: سابق صوبائی کا عدالت جانے کا اعلان
مریم نواز کی انوکھی خواہش: آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات عمران خان ہی کرے
ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال ، جیل بھرو تحریک اور عام انتخابات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی کی جانب سے عمران خان کی اعلان کردہ جیل بھرو تحریک کی مکمل حمایت کی گئی۔
ملاقات کے موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمران آئین کو مان رہے ہیں نہ عدالتی فیصلے تسلیم کر رہے ہیں ، پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکنوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے جا رہے ہیں۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جیل بھرو تحریک کے تحت ملک بھر سے پارٹی رہنما، کارکن اور عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے ، قوم خوف کے بت توڑ کر میدان میں آ رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نااہل ٹولے نے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا اب آئین کی پامالی کی جا رہی ہے ، یہ حکمران مزید جتنے دن اقتدار میں رہیں گے ملک کو اتنا ہی زیادہ نقصان ہو گا۔ ملک کو درپیش معاشی بحران سے نکالنے کیلئے الیکشن ناگزیر ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اپنی روایت کے مطابق عدلیہ پر حملہ آور ہے ، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ حکمران اتحاد عمران خان سے خوفزدہ ہے ، عمران خان کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ پی ڈی ایم ٹولہ الیکشن سے بھاگ کر آئین شکنی کا مرتکب ہو رہا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستانی عوام کیلئے امید کی روشنی ہیں ، الیکشن کمیشن اور گورنرز یاد رکھیں آئین شکنی پر آئین ہی ان کے خلاف راستہ لے گا ، قوم عمران خان کی ہر کال پر لبیک کہنے کو تیار ہے۔
اس موقع پر عمران خان اور چودھری پرویزالٰہی نے مسلم لیگ ن کی عدلیہ مخالف مہم کی بھرپور مذمت بھی کی۔