پی ٹی آئی نے جیل بھرو تحریک کا شیڈول جاری کر دیا
پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق 22 فروری کو شاہراہِ قائد اعظم لاہور پر گرفتاریاں پیش کی جائیں گی۔
پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے اعلان کردہ جیل بھرو تحریک کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے ، شیڈول کے مطابق 22 فروری بروز بدھ سے یکم مارچ تک روزانہ 200 کارکنان رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق 200 کارکنان کے ہمراہ سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا چھ رکنی گروپ بھی گرفتاری دے گا۔
یہ بھی پڑھیے
ڈاکٹر یاسمین راشد اور غلام محمود ڈوگر کی آڈیو لیک: سابق صوبائی کا عدالت جانے کا اعلان
مریم نواز کی انوکھی خواہش: آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات عمران خان ہی کرے
پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کے مطابق گرفتاریاں نہ ہونے کی صورت میں کارکنان اور ارکان اسمبلی مقررہ مقام پر دھرنا دیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق 22 فروری کو شاہراہِ قائد اعظم لاہور پر گرفتاریاں پیش کی جائیں گی ، 23 فروری کو پشاور ، 24 کو راولپنڈی ، 25 فروری کو ملتان اور 26 فروری کو گوجرانولہ کے کارکنان گرفتاریاں دیں گے۔
جاری شیڈول کے مطابق 27 فروری کو سرگودھا ، 28 فروری ساہیوال اور یکم مارچ کو فیصل آباد میں رضاکارانہ گرفتاری دی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق 22 فروری کو لاہور میں دی جانے والی رضا کارانہ گرفتاری کے لیے کارکنان کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔
پی ٹی آئی اعلامیے کے مطابق لاہور میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، ارکان اسمبلی کے گروپ کے ہمراہ گرفتاری پیش کریں گے۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناموں پر مشاورت جاری ہے۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رضاکارانہ گرفتاری پیش کرنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ناموں کی حتمی منظوری عمران خان دیں گے۔