علی بلال عرف ظلِ شاہ کا قتل: پی ٹی آئی کا عدالت جانے کا اعلان
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا ہے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کریں گے کہ ظلِ شاہ کی موت پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ محسن نقوی اور آئی جی پنجاب نے آج کی پریس کانفرنس میں ظل شاہ کے قتل کو کور اپ کرنے کی کوشش کی ہے، محسن نقوی کے ساتھ بیٹھے لوگ وعدہ معاف گواہ بنیں گے۔
ان خیالات کا اظہار فواد چوہدری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا جیسے ارشد شریف کے قتل کو کور کرنے کی بھی کوشش کی گئی تھی، اسی طرح علی بلال عرف ظلِ شاہ کے قتل کو بھی کوراپ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ضروری ہوگیا ہے کہ قوم کو عمران خان جیسے فتنے سے نجات دلائی جائے، نواز شریف
لیگی رکن اسمبلی قیصر احمد شیخ کا حکومتی ناکامی کا اعتراف، ڈار کی جگہ لینے کو تیار
رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریلی کیلئے انتظامیہ صبح سے رابطے میں تھی، اس کارروائی کے دوران ہماری خواتین پر بھی تشدد کیا گیا، ہمارے کارکنوں کو پولیس وین پر بٹھایا گیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سارا آپریشن پنجاب حکومت مانیٹر کررہی تھی، ظل شاہ پی ٹی آئی کا حصہ تھا، ظل شاہ پر پولیس کی قید میں تشدد کیا گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے پہلے کہا کہ قتل ہے پھر کہتی ہے کہ حادثہ ہے، پوسٹ مارٹم میں 25 سے زائد نشانات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ظل شاہ کی موت پر قانونی کارروائی کرنے جارہے ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے اپیل کریں گے کہ ظلِ شاہ کی موت پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔
فواد چوہدری کہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے پاس بھی جارہے ہیں محسن نقوی اور اس کابینہ کو کام سے روکا جائے، تاکہ یہ لوگ اس قتل کا سامنا کریں۔ کیونکہ حکومت میں ہوتے ہوئے یہ اس قتل کی تحقیقات نہیں ہونے دیں گے۔