حکومت نے الیکشن سے فرار کیلیے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس بلایا ہے، عمران خان

اب پوری طرح سے واضح ہوچکا ہے کہ پی ڈی ایم  ہر حال میں انتخابات سےفرار ہی چاہتی ہے، یہ سپریم کورٹ کے حوالے سے غیر آئینی قانون لیکر آئے اور قومی اسمبلی سے عدلیہ مخالف قرارداد منظور کی اور اب سیکیورٹی کو جواز بناکر الیکشن ملتوی کرنا چاہتے ہیں، سابق وزیراعظم

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کے آج ہونے والے اجلاس کو حکومت کی الیکشن سے فرار کی ایک اور کوشش قرار دیدیا۔

سابق وزیراعظم نے خبردار کیا ہے کہ حکومت کا یہ اقدام مسلح افواج کو عدلیہ ہی نہیں براہ راست قوم کے سامنے لاکھڑا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیے

جو پارٹی انتخابات سے بھاگے گی اس دن اس کی موت ہو جائےگی، وزیراعظم شہباز شریف

پی ٹی آئی کا پنجاب میں نئی نگراں حکومت کا مطالبہ سامنے آگیا

عمران خان نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ  اب پوری طرح سے واضح ہوچکا ہے کہ پی ڈی ایم  ہر حال میں انتخابات سےفرار ہی چاہتی ہے۔

ٖ

انہوں نے کہاکہ یہ سپریم کورٹ کے حوالے سےایک غیرآئینی قانون لیکر آئےاور انہوں نےعدلیہ کیخلاف قومی اسمبلی سےایک قرارداد منظور کی۔ اب انتخابات کو التوا میں ڈالنےکی کوشش کرنے اور سیکیورٹی کو اس کے ایک جواز کے طور پر استعمال کرنےکیلئےکل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

عمران خان نے خبردار کیا کہ انکا یہ اقدام مسلح افواج کو عدلیہ ہی نہیں بلکہ براہِ راست قوم کے سامنے لاکھڑا کرے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی سے سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف قرار داد منظور کرانے کے بعد وزیراعظم نے آج قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کررکھا ہے۔

اجلاس میں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سمیت عسکری قیادت اور متعلقہ وفاقی وزرا شرکت کریں گے۔

قومی سلامتی کمیٹی کو سپریم کورٹ کے انتخابات سے متعلق فیصلے کے بعد ملک کی مجموعی سیاسی  و معاشی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ اجلاس میں موجودہ صورتحال سے متعلق اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے۔

متعلقہ تحاریر