پنجاب اور کےپی میں انتخابات وقت پر نہ ہوئے تو عوامی انقلاب آئے گا، فواد چوہدری

رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پنجاب اور کےپی میں انتخابات نہ ہوئے تو عوامی انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک پائے گا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے شہباز شریف حکومت کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات وقت پر کرائے۔

رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل نہ ہوا تو پاکستانی عوام کے پاس انقلاب کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے

کوئی احمق ہی انتخابات اکتوبر سے آگے لے جانے کی بات کرسکتا ہے، آصف زرداری

ہم سب کو سپریم کورٹ کے لیے نکلنا ہوگا اور میں قیادت کروں گا، عمران خان

یہ انتباہ وفاقی حکومت کی جانب سے ان اطلاعات کے بعد سامنے آیا ہے جن کا مقصد انتخابات کو موخر کرنے یا نہ کرانے اور عدالت عظمیٰ جیسے پاک ادارے کے خلاف مختلف حربے استعمال کرنے کے اعلانات ہیں۔

یاد رہے کہ دونوں صوبوں کی صوبائی اسمبلیاں رواں برس جنوری میں تحلیل کر دی گئی تھیں اور پاکستان کے آئین کے مطابق اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 روز میں انتخابات کرانا ہوتے ہیں۔

ہفتہ کے روز اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر پیغام جاری کرتے ہوئے فواد چوہدری نے لکھا ہے کہ "اگر سپریم کورٹ کے الیکشن کرانے کے حکم پر عمل نہ کیا گیا اور سپریم کورٹ کو الیکشن کمیشن جیسا بیکار ادارہ بنانے کی کوشش کی گئی تو عوام کے پاس انقلاب کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہے گا۔ عوام کو اسلام آباد کی طرف بڑھنا ہو گا اور آخری سانس تک جدوجہد کرنا ہو گی۔”

فواد چوہدری نے مزید کہا ہے کہ "اب تک ہم نے آئین کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کی ہے لیکن اگر آئین نہیں ہوگا تو ہماری جدوجہد کی بھی کوئی حد نہیں ہوگی۔

فواد چوہدری نے حکمرانوں کو مشورہ دیا کہ "وہ آئین کو ترجیح دیں اور عوام کو دیوار سے لگانے سے گریز کریں۔”

متعلقہ تحاریر