عدلیہ کا کام قانون اور آئین کے تحت فیصلہ کرنا ہے، پنچایت لگانا نہیں، خواجہ آصف

وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ عمران خان اور اس کے سہولت کاروں نے نواز شریف اور ان کے خاندان پر حد سے بڑھ کر ظلم کیا۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ کا کام آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہے، پنچایت لگانا عدلیہ کا کام نہیں ہے۔

سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر ترین رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ ان کی ہر چھوٹی سے چھوٹی بات پر فیصلے سنائے جاتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ سپریم کورٹ کے لیے چیف جسٹس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب عدلیہ کی بات آتی ہے تو یہ عوام کے اعتماد کا معاملہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

نیازی ثاقب گٹھ جوڑ عدلیہ پر اثر انداز ہو رہا ہے، عطاء اللہ تارڑ

نواز شریف نے لندن واپسی پر پہلی گفتگو میں سعودی ولی عہد سے ملاقات کا ذکر نہیں کیا

ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران معاملات میں مزید بگاڑ آیا ہے ، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف سے دشمنی میں بہت آگے نکل گئے تھے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے بیٹے کی حالیہ آڈیو لیک ہونے کا اعتراف ٹی وی پر کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا آڈیو لیک سے صرف ثاقب نثار ہی نہیں پی ٹی آئی کی قیادت بھی بے نقاب ہو چکی ہے، آصف نے کہا کہ اقتدار سے دور رہنا عمران کو اندر سے کھا رہا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کو بھی اس موجودہ بحران کا ذمہ دار ٹھہرایا جس کا ملک آج سامنا کر رہا ہے۔

ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی ٹکٹوں کے لیے ریٹ لسٹ طے کر دی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عمران خان اور ان کے سہولت کاروں نے نواز شریف اور خاندان پر حد سے بڑھ کر ظلم کیا۔

وزیر دفاع نے پی ٹی آئی چیئرمین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب سابق حکمران جماعت کو نئے سہولت کار مل گئے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ جون میں آنے والے بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آئی ایم ایف اپنے وعدے پورے کرتا ہے یا نہیں۔

متعلقہ تحاریر