مسلم لیگ ن نے ملک گیر احتجاج کی کال دے دی
ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز لاہور میں احتجاجی ریلی کی قیادت کریں گی۔
پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے جمعہ کے روز عمران خان کی رہائی کے فیصلے کے خلاف اپنی مخالفت کا اظہار کرنے کے لیے لاہور سمیت پاکستان کے بڑے شہروں میں ملک گیر احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے ڈویژن بینچ نے القادر ٹرسٹ کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی دو ہفتے کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
یہ بھی پڑھیے
مریم نواز نے چیف جسٹس کو اپنی ساس کی طرح پی ٹی آئی جوائن کرنے کا مشورہ دے دیا
تحریک انصاف نگراں وزیراعلیٰ کےپی اور پنجاب کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ کرے گی، فواد چوہدری
اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ملک گیر احتجاج کی کال مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد میاں محمد نواز شریف نے دی ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے پارٹی ورکرز کو احتجاج کے لیے متحرک کریں۔
لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ اور قصور میں ریلیاں نکالی جائیں گی، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں احتجاج کی قیادت مریم نواز کریں گی۔
اس کے علاوہ مسلم لیگ ن نے خیبرپختونخوا (کے پی)، کوئٹہ اور کراچی میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
ساہیوال، بہاولپور اور راولپنڈی میں بھی اجلاس منعقد کیے جائیں گے جس میں پارٹی کی حکمت عملی اور آئندہ کے احتجاج کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ احتجاجی مظاہروں کا فیصلہ ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے درمیان کیا گیا ہے۔