پرویر خٹک نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کی خبروں کی تردید کردی

پی ٹی آئی کے سابق سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ میرا کسی دوسری سیاسی جماعت سے وابستگی کا کوئی ارادہ نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک نے ان تمام خبروں کی تردید کردی ہے جن میں کہا جارہا تھا کہ پرویز خٹک "استحکام پاکستان پارٹی” میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ میں کسی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کررہا۔

سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور پی ٹی آئی کے سابق سینئر رہنما پرویز خٹک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ "میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ میرا کسی دوسری سیاسی جماعت سے وابستگی کا کوئی ارادہ نہیں۔”

پرویز خٹک نے مزید لکھا ہے کہ "میری جہانگیر خان ترین سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔ میرے بارے میں میڈیا میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد اور سراسر غلط ہیں۔’

یہ بھی پڑھیے 

سابق صدر آصف زرداری کی پنجاب میں دھمال: چوہدری سلیم طاہر گجر ن لیگ چھوڑ گئے

عمران خان نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ  کے 3دہائی بعد بھی کونسا عالمی ریکارڈ توڑدیا؟

واضح رہے کہ گذشتہ متعدد بڑے بڑے نیوز چینلز سے یہ خبر اپنے اپنے ذرائع سے بریک کی تھی کہ پرویز خٹک نے استحکام پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین سے ملاقات کی ہے اور وہ کسی بھی وقت "آئی پی پی” میں شمولیت کا اعلان کرسکتے ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا تھا کہ پرویز خٹک جہانگیر ترین سے مسلسل رابطے میں ہیں، اور ان کے اختلافات دور ہو گئے ہیں۔ جس کے نتیجے میں پرویز خٹک کے ہم خیال ساتھیوں کے ساتھ نئی پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ پرویز خٹک استحکام پاکستان پارٹی میں جنرل سیکرٹری کا عہدہ سنبھالیں گے۔

اس سے قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پرویز خٹک اپنی سیاسی جماعت تشکیل دینے جارہے ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخوا سے پی ٹی آئی چھوڑنے والے رہنماؤں سے رابطے تیز کردیئے ہیں۔ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کو اپنے سیاسی سیٹ اپ میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

8 جون کو، جہانگیر ترین، جو کبھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے قریبی ساتھی تھے، نے باضابطہ طور پر اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کیا تھا۔ تحریک انصاف کے متعدد منحرف ارکان نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔

متعلقہ تحاریر